طوفان اور بادلوں کی وجہ سے دہلی میں معمولی راحت

0

نئی دہلی:(یو این آئی) قومی راجدھانی پیر کو گرد آلود طوفان کے درمیان جزوی طور پر ابر آلود رہی، جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی واقع ہوئی۔طوفان اور بادلوں کی وجہ سے دہلی میں پچھلے کچھ دنوں سے جاری شدید گرم لہر سے کچھ راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ راجدھانی میں کل رات کم سے کم درجہ حرارت 27.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے تین درجے زیادہ ہے۔ صبح 8.30 بجے نسبتاً نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے پیر سے دہلی، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، مشرقی راجستھان اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے، جس سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے دفتر نے ٹویٹ کیاکہ پنجاب اور ہریانہ-چندی گڑھ-دہلی میں 3-4 مئی کو الگ الگ جگہوں پر گردو غبار اور گرج چمک کے ساتھ دھول کا طوفان متوقع ہے۔ ملک میں گزشتہ چند ہفتوں سے جاری گرمی کی شدید لہر سے لوگ پریشان ہیں۔
اپریل شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں 122 سالوں میں سب سے زیادہ گرم رہا جس کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.9°C تک پہنچ گیا۔مئی کے پہلے دن اتوار کو دہلی میں شدید گرمی رہی۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری زیادہ ہے۔
بڑھتی ہوئی گرمی کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے جمعہ کو دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں گرمی کی لہر سے متعلق وارننگ کو پیلے رنگ کے بجائے نارنجی کر دیا۔ دہلی میں گرمی کی لہر کا اثر جمعہ کو دوپہر سے پہلے ہی شروع ہوا اور درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ گرمی کی لہر دوپہر کے بعد بھی جاری رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS