شوپیاں میں مسلح تصادم، 3 جنگجو ہلاک ایک کی خود سپردگی

0
IMAGE:thekashmirwalla.com

سری نگر: (یو این آئی) جنوبی ضلع شوپیاں کے کنی گام میں ایک مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں ‘البدر’ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے تین مقامی جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ تصادم کے دوران توصیف احمد نامی ایک جنگجو نے سکیورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی اختیار کی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 44 آر آر، سی آر پی ایف کی 178 بٹالین اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے کنی گام شوپیاں کو گذشتہ رات دیر گئے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں کو سرینڈر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا اور ان کے اہلخانہ کو بھی جائے تصادم پر طلب کیا گیا تاکہ وہ انہیں خود سپردگی اختیار کرنے پر راضی کر سکیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور اہلخانہ کی کاوشوں کے باعث محاصرے میں پھنسے توصیف احمد نامی ایک جنگجو نے سیکورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی اختیار کی جس نے بعد میں اپنے باقی ساتھیوں کو بھی سرینڈر کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا: ‘لیکن باقی جنگجوؤں نے اس کے بجائے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے جن کی لاشوں کو برآمد کیا گیا ہے’۔
انہوں نے مہلوک جنگجوؤں کی شناخت دانش میر، محمد عمر بٹ ساکنان خواجہ پورہ شوپیاں اور زید بشیر ریشی ساکن ربن شوپیاں کے بطور کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مہلوکین کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
دریں اثنا فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہلوک اور خود سپردگی اختیار کرنے والے جنگجو کے قبضے سے چار پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔
دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے ایک بیان میں کہ مہلوک اور خود سپردگی اختیار کرنے والے جنگجو کے قبضے سے چار پستولیں برآمد ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر پولیس کی خفیہ اطلاعات پر جمعرات کی علی الصبح شوپیاں کے کنی گام میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان تصادم شروع ہوا’۔
ان کا بیان میں مزید کہنا تھا: ‘محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں سے پولیس اور ان کے افراد خانہ نے خود سپردگی اختیار کرنے کی کئی اپیلیں کیں۔ ایک نے خود سپردگی اختیار کی جبکہ باقی تین کو مارا گیا۔ سبھی تین نے حال ہی میں دہشت گردوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی’۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS