یوم آزادی کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی مزید سخت

0
Image:theweek

سری نگر: (یو این آئی) یوم آزادی کے پیش نظرسری نگر کے قرب و جوار بالخصوص حساس مقامات میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ شہر کی سڑکوں اوراہم چوک پرناکوں میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں لوگوں کو خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کی پوچھ گچھ اور جامہ تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔ یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر میں حسب سابق یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر نئے ناکے لگا دیے گئے ہیں جہاں سیکورٹی فورسز اہلکار لوگوں کو خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کے شناختی کارڈ و دیگر کاغذات چیک کر رہے ہیں اور ان سے ضروری پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ امسال سونہ وار میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم،جہاں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب منعقد ہونے والی ہے،اس جانب جانے والی سڑک کھلی ہے جس کو ماضی میں یوم آزادی سے پہلے ہی بند کیا جاتا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے نیز جگہ جگہ پرناکے قائم کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے گزشتہ روز کہا کہ یوم آزادی کے پیش نظر وادی میں ہر جگہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر یوم آزادی کی تقاریب کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ یو آزادی کی تقریب کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وادی کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات اچھے طریقے سے منائی جائیں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS