فرقہ پرستی خواہ وہ اقلیت کی ہو یا اکثریت کی دونوں ہی پرامن سماج کے لئے زہر ہلاہل: طارق انور

0

نئی دہلی،(یواین آ ئی) ملک کے موجودہ زہرآلوداورنفرت انگیزماحول پرسخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے آل انڈیاقومی تنظیم کے قومی صدر،کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری وسابق مرکزی وزیرطارق انور نے کہاکہ فرقہ پرستی چاہےوہ اقلیت کی ہویااکثریت کی دونوں ہی پرامن سماج کے لئے زہرہلاہل ہے۔انہوں نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے فرقہ پرستی کے زہر کو ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تصور کرتے ہوئے کہاکہ آل انڈیاقو می تنظیم کی بنیاد ہی نفرت کے خلاف اورمحبت کو فروغ دینے کیلئے آج سے30سال پہلے ڈالی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش نفرت چھوڑو اور بھارت جوڑو کی ہے۔انہوں نے کہاکہ گاندھی کے ملک میں سبھی کا احترام ہونا چاہئے اورسوامی وویکا نند کی یہ سوچ کہ میں اس سرزمین سے آتا ہوں،جس نے سبھی مذاہب کے ستائے ہوئے لوگوں کو پناہ دی ہے،اس پربی جے پی جو مذہب کا سہارا لے کر نفرت پھیلارہی ہےاس کو اس کا جواب دینا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ سوامی وویکا نند کی بات کرنے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ سوامی جی ویدانت کو مستسک(دماغ)اوراسلام کو شریر(جسم)مانتے تھے،وہ اس پر کیوں نہیں اپنی بات رکھتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ طالبان اوربی جے پی دونوں کی سوچ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ایک صرف مسلمانوں کی بات کرتا ہےاور مسلم ملک بنانا چاہتا ہے۔دوسری طرف بی جے پی ہندوستان کے سیکولر تانے بانے کو توڑکر،جمہوریت کو تباہ کرکے گاندھی کے وطن کو ہندو ملک بناناچاہتی ہے۔مسٹر طارق انور نے بی جے پی کے کھوکھلے نعرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ نعرہ دیا گیا تھا،سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواش،لیکن یہاں چند دوستوں کو چھوڑ کر پورے ملک کو برباد کیا جارہا ہے۔ جمہوریت کی جڑوں کو کھودنے کی کوشش ہورہی اور بے روزگاری کو ایک مہم کی طرح فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک انتہائی نازک دور سے گذررہاہے، لوگوں کو چاہئے کہ آگے آئیں اورجمہوریت کو بچانے کیلئے جہدمسلسل شروع کریں۔طارق انور نے کہاکہ قومی تنظیم اس سمت میں کام کررہی ہے اور ہم نے ممبر سازی کی مہم بھی شروع کی ہے۔ وہ تمام لوگ جو ملک کو محبت کی بنیاد پر جوڑے رکھنا چاہتے ہیں ان کا استقبال ہے۔اس موقع پر ہدایت اللہ جنٹل صدردہلی پردیش قومی تنظیم نے کہاکہ وہ قومی تنظیم کے پلیٹ فارم سے عام لوگوں تک پہونچیں گے۔ ان کے مسائل جانیں گے،تاکہ اس کو قومی صدرطارق انور کی سرپرستی میں اٹھایا جائے اور سماج کے کمزور لوگوں کی آواز گو سرکارتک پہونچائی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS