ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر،5ریاستوں نے نئی پابندیاں عائد کی

0

نئی دہلی :بڑھتے کورونا کے معاملوں کو دیکھتے ہوئے 5 ریاستوں نے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ان میں ریاستوں میں باہر سے آنے والے لوگوں کا بارڈر اور ہوائی اڈوں پر کورونا ٹسٹ کیا جائے گا۔ حال ہی میں راجستھان اور مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے سبب ان دونوں ریاستوں میں ریاستی سرکاروں نے کچھ شہروں میں لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو لگادیا ہے۔
ملک میں کورونا کا بحران پھر سے شدید ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شفایابی حاصل کرنے والے افراد کے مقابلہ میں زیادہ نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی۔ ان میں سے 5ریاستوں میں کورونا کی دوسری لہر نے دستک دے دی ہے۔ راجستھان اور مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے یوپی، مدھیہ پردیش اور گجرات نے ’ہائی رسک‘اسٹیٹ مہاراشٹر سے آنے والے لوگوں کی اسکریننگ کی ہدایت دی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 15 دنوں میں کورونا معاملوں میں کافی اچھال درج کیاگیا ہے، وہیں راجستھان سرکار نے جودھپور میں 21 مارچ تک دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ مہاراشٹر نے امراوتی، ممبئی، ناگپور، پنے، پمپری چینچواڑ، ناسک، اورنگ آباد، تھانے، نوی ممبئی، کلیان ڈوموولی، اکولہ، یوت مال، واشمی اور بلدھان میں سختی کی ہدایت دی ہے۔ مہاراشٹر میں ادھوسرکار نے لوگوں کو کورونا وائرس پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ماسک پہننا اور سوشل ڈسٹینس بنائے رکھنا لازمی قرار دیاگیا ہے۔ مہاراشٹر میں تمام مذہبی، سماجی اور سیاسی تقاریب پر پابندی لگادی گئی ہے۔ سیاسی پروگراموں میں بھیڑ جٹانے کی اجازت نہیں ہے۔ مدھیہ پردیش اور گجرات نے مہاراشٹر کے آس پاس کے تمام اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کل سرگرم معاملے بڑھنے کے پیچھے مہاراشٹر، کیرالہ، چھتیس گڑھ، پنجاب اور مدھیہ پردیش میں تیزی سے پھیل ر ہی وبا بڑی وجہ ہے۔ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مہاراشٹر، کیرالہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، پنجاب اور ہریانہ میں کووڈ-19 کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر افسران کو الرٹ پر رہنے کو کہا ہے۔ اترپردیش جلد ہی ان ریاستوں میں شامل ہونے والا ہے، جو اس سے متعلق رہنما ہدایت جاری کرسکتا ہے۔
دوسری طرف ملک کی 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے فعال کیسز 500 سے کم رہ گئے ہیں ، جن میں سب سے کم انڈومان نکو بارجزائر ، دادرا نگر حویلی اور دمن دیو میں چار چار اور اروناچل پردیش میں پانچ کیسز ہیں۔ اس کے علاوہ چندی گڑھ ، گوا ، ہماچل پردیش ، جھارکھنڈ ، لداخ ، لکشدیپ ، منی پور ، میگھالیہ ، میزورم ، ناگالینڈ ، پڈوچیری ، سکم ، تریپورہ اور اتراکھنڈ میں کورونا کے 500 سے کم فعال کیسز ہیں۔مرکزی وزارت برائے صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10,584 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اس دوران 13,255 مریض صحتیاب ہوئے , جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ 12 ہزار 665 ہوگئی ہے ۔ اس سے فعال کیسز میں بھی پانچ دن بعد 2,749 کمی آئی ہے اور ان کی تعداد اب ایک لاکھ 47 ہزار 306 رہ گئی ہے ۔ اس سے پہلے 17 فروری کو بھی فعال کیسز میں کمی واقع ہوئی تھی۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 78 مریضوں کی موت ہونے سے سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 463 ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS