ستیندر جین کا دہلی کے اسٹیڈیموں کو جیلوں میں تبدیل کرنے سے صاف انکار 

0

نئی دہلی(اظہار الحسن،ایس این بی):اروند کجریوال سرکار نے دہلی کے اسٹیڈیموں کو جیلوں میں تبدیل کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔ دہلی کے وزیر داخلہ ستیندر جین نے دہلی پولیس کی طرف سے کی گئی مانگ کو تحریری طور پر ٹھکراتے ہوئے کہا کہ دہلی سرکار کسانوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالنے کے خلاف ہے، اس لئے دہلی کے اسٹیڈیموں کو جیلوں میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔پنجاب اسمبلی میں لیڈر اپوزیشن ہرپال سنگھ چیما نے دہلی سرکار کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دہلی سرکار کے وزیر داخلہ ستیندر جین نے دہلی پولیس کو دیے گئے تحریری جواب میں کہا کہ کسانوں کی مانگیں جائز ہیں ۔مرکزی سرکار کو کسانوں کی مانگیں فوراً تسلیم کرنی چاہئے۔ کسانوں کو جیل میں ڈالنا اس کا حل نہیں ہے ۔کسانوں کی تحریک بالکل غیرتشدد یعنی پر امن ہے۔ پر امن طریقہ سے تحریک کرنا ہر ہندوستانی کا آئینی حق ہے۔اس کے لئے انہیں جیلوں میں بند نہیں کیا جاسکتا، اس لئے اسٹیڈیموں کو جیل بنانے کی دہلی پولیس کی اس عرضی کو دہلی سرکار نا منظور کرتی ہے۔اس طرح ستیندر جین نے دہلی پولیس کے ذریعہ 9اسٹیڈیم دینے کی اپیل کو سیدھے خارج کردیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میںلیڈر اپوزیشن ہر پال سنگھ چیما نے سوشل میڈیا  کے ذریعہ دہلی سرکار کی طرف سے لئے گئے فیصلے کے متعلق کجریوال سرکار کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ اروند کجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی پہلے دن سے ہی پنجاب کے کسانوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔چیما نے کہا کہ اروند کجریوال ہی ملک کے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں، جنہوں نے سب سے پہلے جنتر ۔منتر پر عام آدمی پارٹی کے دھرنا کی قیادت کرتے ہوئے مودی سرکار کے زرعی مخالف کالے قانون کے خلاف ڈٹ کر آواز بلند کی تھی اور یہ قانون فوراً واپس لینے کی مانگ کی تھی۔کجریوال نے گیہوں اور دھان سمیت سبھی فصلوں کو ایم ایس پی پر قانونی طور پر گارنٹی کے ساتھ خرید کرنے کی وکالت کی تھی ،جس سے ملک بھر کے ان داتا کے حقوق محفوظ رہ سکیں۔
دریں اثنا ہرپال سنگھ چیما نے واضح کیا کہ دہلی پولیس پر مرکزی سرکار کا کنٹرول ہے، اس لئے دہلی پولیس مودی کے اشارے پر کسانوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہے لیکن کجریوال سرکار کی طرف سے اسٹیڈیموں کو جیلوں میں تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے کر مودی سرکار کو دیا گیا جھٹکا تعریف کے قابل ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS