سنجے راؤت کا شدید ردعمل: اب جیل جائیں گے ای ڈی کے افسر

0

ممبئی (ایجنسیاں) : مہاراشٹر سرکار کے وزیر اور وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی مانے جانے والے شیوسینا کے عہدیدار اور شرڈی ٹرسٹ کے رکن راہل کنال کے گھر پر محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کی اطلاع ہے۔ اس چھاپہ ماری پر شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے مرکزی سرکار پر جم کر نشانہ سادھا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس شیوسینا رہنماؤں اور مہاراشٹر کے وزراء آدتیہ ٹھاکرے اور انل پربھ کے قریبی معاونین کے دفاتر اور رہائش گاہ پر چھاپہ مار رہاہے۔ ممبئی اور پونے میں چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔
اس سے قبل محکمہ انکم ٹیکس نے بی ایم سی کے مختلف کنٹریکٹرس اور شیوسینا لیڈروں کے دفاتر اور احاطوں میں چھاپے مارے تھے۔ ان چھاپوں پر شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہاکہ ’مرکزی ایجنسیاں مغربی بنگال اور مہاراشٹر جیسی ریاستوں کے کچھ چنندہ لوگوں کو کیو ں نشانہ بنارہی ہیں… کیا انہیں دوسری ریاستوں سے کوئی اور نہیں ملتا ہے؟ یہ ایم وی اے سرکار پر دباؤ بنانے اور غیرمستحکم کرنے کی ایک حکمت عملی ہے‘۔ راؤت نے وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ ’ممبئی پولیس ای ڈی حکام کی ساز باز سے چلنے والی مجرمانہ سنڈیکیٹ اور رنگ داری ریکٹ کی جانچ شروع کرے گی۔ میری بات مانئے، ای ڈی کے کچھ افسر جیل بھی جائیں گے‘۔انہوں نے کہاکہ ’ای ڈی کے کچھ افسر بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں، ای ڈی بی جے پی کا اے ٹی ایم بن گیاہے اور میں نے پی ایم کو ان افسروں کے ذریعہ جبراً وصولی کا ریکارڈ دیاہے۔ ای ڈی افسران کے گٹھ جوڑ ٹھیکیداروں، ڈیولپرس اوربلڈروں سے رقم وصولی کررہے ہیں‘۔ شیوسینا لیڈر نے کہاکہ ای ڈی اور دیگر مرکزی جانچ ایجنسیوں کو یہی کام رہ گیاہے کہ جہاں جہاں شیوسینا کے کارکن ہیں، جہاں جہاں شیوسینا کی شاخ ہے، جہاں جہاں شیوسینا کے لوگ الیکشن لڑنے جارہے ہیں، وہاں چھاپہ ماریں گے۔ راؤت نے کہاکہ پورے ملک میں سب کے من میں سوال ہے کہ صرف مہاراشٹر اورمغربی بنگال جیسی ریاستوں میں ہی مرکزی جانچ ایجنسیاں چنے ہوئے لوگوں کو ٹارگیٹ کیوں کررہی ہیں؟اب تک مہاراشٹر میں سب سے زیادہ ای ڈی کے چھاپے مارے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS