جے این یو کے گیٹ پر متنازع پرچم و پوسٹر

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی):جواہر لعل نہرویونیورسٹی (جے این یو)کے ایک ہاسٹل میں رام نومی کے دوران مبینہ طور پر نان ویج کھانا پیش کئے جانے کو لے کر ہونے والے تشدد کے تقریباً ایک ہفتے بعد ہندو سینا نے یونیورسٹی کے مین گیٹ کے نزدیک اور آس پاس کے علاقے میں پوسٹر اور بھگوا جھنڈے لگائے۔ اس نے وارننگ بھی دی کہ اگر ’بھگوا کی توہین‘ کی گئی تو ’سخت اقدامات‘کئے جائیں گے۔ ہندوسینا کے سربراہ وشنو گپتا نے بتایاکہ دائیں بازو تنظیم کے قومی نائب صدر سرجیت سنگھ یادو نے ’بھگوا جے این یو‘ کے پوسٹر لگائے۔ وہاٹس ایپ پر نشر ویڈیو میں گپتا مبینہ طور پر یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’جے این یو کیمپس میں بھگوا کی مستقل طور پر توہین کی جارہی ہے، ہم ایسا کرنے والوں کو وارننگ دیتے ہیں، آپ سدھر جایئے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔ہم آپ کے نظریہ اور ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں، لیکن بھگواکی توہین برداشت نہیں کی جائے گی اور ہم سخت اقدامات کرسکتے ہیں‘۔ ڈپٹی پولیس کمشنر (جنوب مغرب) منوج سی نے کہا کہ ’جمعہ کو صبح یہ دیکھا گیا کہ جے این یو کے نزدیکی علاقوں اور سڑک پر کچھ جھنڈے اور بینر لگائے گئے ہیں۔ حال کے واقعہ کے سبب انہیں فوراً ہٹادیاگیا اور مناسب قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS