ایشورپا کا استعفیٰ پارٹی کیلئے ’جھٹکا‘نہیں، ریاستی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا:بومئی

0

بنگلورو/نئی دہلی (ایجنسیاں):تنازعات میں گھرے کرناٹک کے وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایتی راج کے ایس ایشورپا نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔ جمعہ کو اپنے استعفیٰ سے قبل اپنے حامیوں اور پارٹی کارکنوں سے کہاکہ وہ ایک سازش کے تحت اپنے خلاف لگائے گئے الزامات سے بے گناہ باہر نکلیں گے اور یقینی طور پر دوبارہ وزیر بنیں گے۔ ایشورپا کے خلاف پولیس نے ٹھیکیدار سنتوش پاٹل کو خودکشی کیلئے اکسانے کا معاملہ درج کیاہے۔ انہوں نے یہ بات شیوموگا میں اپنے حامیوں اور پارٹی کارکنوں سے کہی، جو بنگلورو روانہ ہونے سے قبل ان سے استعفیٰ نہ دینے کیلئے نعرے لگارہے تھے۔ دریں اثنا سابق سی ایم بی ایس یدی یورپا مذکورہ وزیر کی حمایت میں میدان میں اتر آئے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ ایشورپا پر عائد سبھی الزامات غلط ثابت ہوں گے اور وہ بے داغ ہوکر پھر سے کابینہ میں لوٹیں گے۔
دریں اثنا کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسوراج بومئی نے بھی کہاہے کہ ایشورپاکے استعفیٰ سے ان کی سرکار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسے سرکار کیلئے جھٹکے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ بومئی نے کہاکہ جانچ کے بعد سچ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کو جانچ کرنے والا اور جج نہیں بننا چاہئے۔ اس کیلئے اسے جانچ پوری ہونے کا انتظار کرنا چاہئے۔
دوسری جانب کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کے پیشہ سے ٹھیکے دار ایک کارکن کی موت کےلئے ذمہ دار کمیشن خور پنچایت راج وزیر کے ایس ایوشورپا کا استعفیٰ ہی کافی نہیں ہے، اس لئے انہیں فوری طورپر گرفتار کیا جانا چاہئے ۔کانگریس نے اپنے سرکاری ٹویٹ ہینڈل پر کہاکہ کرناٹک میں بی جے پی کی 40فیصد کمیشن والی حکومت چل رہی ہے اور وہاں بدعنوانی عروج پر ہے۔ کمیشن خور بی جے پی کے وزیر کے ایس ایشورپا کا استعفیٰ کافی نہیں، وزیر کو گرفتار کیا جائے۔ پارٹی نے کہاکہ ’بی جے پی حکومت تاناشاہی پر بضد ہے ،بی جے پی کی کمیشن خوری کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کانگریس رہنمانوں کو گرفتار کرلیتی ہے،لیکن بی جے پی کارکنان کی موت کےلئے ذمہ دار وزیر کو گرفتار نہیں کیا گیا۔یہ کیسا کمیشن خور راج ہے۔ بی جے پی کے وزیر کے ایس ایشورپا کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کو بے نقاب کرنے والے بی جے پی کارکنان کی موت کے باوجود بھی وزیر کو گرفتار نہیں کیا گیا۔کیا یہی ہے، بی جے پی کی بدعنوانی کے تئیں زیروٹالرنس ۔واضح رہے کہ ریاست کے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر ایشورپا پر مبینہ طورپر کام کے بدلے میں 40فیصد کمیشن مانگنے کا الزام بی جے پی کارکن ٹھیکے دار سنتوش پاٹل نے لگایا ہے ۔سنتوس منگل کی صبح اوڈپی کے ایک لاج میں مردہ ملا تھا اور اس نے موت سے پہلے لکھے اپنے نوٹ میں کہا تھا کہ اس کیلئے ذمہ دار ایشورپا ہیں۔مسٹر ایشورپا پر اس واقعہ کے بعد استعفیٰ دینے کا دبائو بڑھا تو انہوں نے جمعرات کو نامہ نگاروں سے کہاکہ میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا، کیونکہ میں ان لوگوں کو عدم اطمینان کی حالت میں نہیں ڈالنا چاہتا،جنہوں نے مجھے اس عہدے تک پہنچانے میں مدد کی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS