راجیو گاندھی کی جینتی کو یوم خیر سگالی کے طور پر منایا گیا

0

اجمیر: (یو این آئی) سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی جینتی آج راجستھان کے اجمیر میں یوم خیرسگالی کے طور پر منایا گیا۔
اجمیر کے پنچشیل میں واقع راجیو گاندھی سرکل پر سٹی کانگریس کمیٹی کی جانب سے راجیو گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملک کی تعمیر میں ان کی نمایاں خدمات کو یاد کیا گیا۔ سٹی کانگریس کے صدر وجے جین نے بھارت رتن آنجہانی راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے میدان میں ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں آئی ٹی سیکٹر کے انقلاب کا سرخیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو جدت پسند اور مضبوط ومستحکم بنانے کے لیے آئی ٹی ٹیکنالوجی میں ان کی فعال شراکت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
جنرل سکریٹری شیو کمار بنسل نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کی نمایاں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ریاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے جب وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت عالمی معیار کے آئی ٹی فنشنگ اسکول ‘راجیو گاندھی سنٹر آف ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی’ کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔ یہ ریاست میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور مواصلات کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
سابق ایم ایل اے ڈاکٹر گوپال باہیتی نے بھی آنجہانی راجیو گاندھی کے 78 ویں یوم پیدائش پر مختلف شعبوں میں ان کے کردار کو یاد کیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS