سچن پائلٹ کے تازہ بیان سے راجستھان کانگریس میں ایک بار پھر ہلچل

0

ے پور/نئی دہلی، (ایجنسیاں) : قومی صدر کے انتخاب کے دوران راجستھان کانگریس میں شروع ہونے والا ہنگامہ کچھ کم ہوگیا تھا لیکن اب کچھ دنوں کے امن کے بعد یہ طوفان پھر سے اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ سچن پائلٹ کیمپ نے ایک بار پھر سے مورچہ سنبھال لیا ہے اور اشوک گہلوت کے حامی ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک طرف سچن پائلٹ نے اشوک گہلوت گروپ کی بغاوت کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو معافی مانگنی پڑی، وہیں ان کے حامی راجندر گڈھا نے وزیر اعلیٰ کی جلد تبدیلی کے مطالبہ کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی وینوگوپال نے ایک یا 2 دن میں سی ایم سے متعلق فیصلے کے بارے میں بات کی تھی، لیکن ایک مہینہ ہو گیا ہے۔ ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
سچن پائلٹ کیمپ کے حملے میں اچانک شدت آنے سے راجستھان کانگریس میں پھر سے ٹکراﺅ کی نوبت آ سکتی ہے۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ نے تو اشوک گہلوت کی نیت پر بھی سوال اٹھادیے۔ انہوں نے گہلوت کی جانب سے پی ایم نریندر مودی کی تعریف اور پھر بدلے میں تعریف حاصل کرنے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے پارلیمنٹ میں غلام نبی آزاد کی تعریف کی تھی۔ اس کے بعد کیا ہوا سب جانتے ہیں۔ اسے ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔ پائلٹ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئے صدر ملکارجن کھڑگے ان باغی ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کریں گے جنہوں نے ہائی کمان کی طرف سے بلائی گئی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا۔ راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی نے کہا کہ ’یہ سب کو معلوم ہے کہ 25 ستمبر کو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائی گئی تھی، لیکن یہ نہیں ہو پائی۔ اس کے لیے وزیراعلیٰ نے پارٹی اور سابق صدر ہائی کمان سے معافی بھی مانگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو نوٹس بھی بھیجے گئے تھے۔‘انہوں نے کہا کہ ’کانگریس ایک پرانی پارٹی ہے اور ضابطے سب کے لیے ایک جیسے ہیں۔ یہ معنی نہیں رکھتا کہ کون کتنا سینئر ہے۔ مجھے پورابھروسہ ہے کہ نئے صدر ملکارجن کھڑگے کارروائی کریں گے۔‘ انہوں نے کے سی وینوگوپال کے بیان کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ راجستھان کے بارے میں جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔
دریں اثنا راجستھان کانگریس میں ہنگامہ آرائی پر بی جے پی نے بھی چٹکی لی ہے۔ مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا کہ راجستھان کانگریس 2 خیموں میں بٹی ہوئی ہے۔ ایک کیمپ اشوک گہلوت کا ہے اور دوسرا سچن پائلٹ کا۔ اس کی وجہ سے ریاست کا نظم و نسق متاثر ہو رہا ہے۔ اشوک گہلوت کی تعریف کے بارے میں میگھوال نے کہا کہ پی ایم مودی نے اس وقت آزاد کی تعریف کی تھی جب راجیہ سبھا میں ان کا آخری دن تھا۔ سچن پائلٹ کی نظریں سی ایم کی کرسی پر ہیں اور یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS