روسی فوج یوکرین کے شہر سیویروڈونٹسک کے قریب پہنچی

0

ماسکو: (یو این آئی) یوکرین میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے درمیان، روسی فوج اب مشرقی یوکرین کے شہر سیویروڈونٹسک کے بہت قریب پہنچ گئی ہے اور اسے چند دنوں میں مکمل طور پر گھیر لیا جائے گا۔ نیویارک ٹائمز نے پیر کو اپنی رپورٹ میں لوہانسک کے گورنر کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
یوکرین بھی اس پر اپنا اختیار برقرار رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ فوج کوجمع کرنے میں مصروف ہے۔ یوکرین کے مشرق میں واقع یہ شہر حکمت عملی کے لحاظ سے کافی اہم ہے، جس کا 70 فیصد حصہ روس پہلے ہی اپنے قبضے میں لے چکا ہے۔سیویروڈونٹسک کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لینا روسی صدر ولادیمیر پوتن کے لیے ایک بڑی فتح ثابت ہو گی، کیونکہ اسی کے ساتھ یوکرین کے صنعتی شہر ڈونباس پر روس مکمل طورپر اپنا قدم جمالے گا، جس میں لوہانسک بھی شامل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ روسی افواج نے ڈونباس کے 97 فیصد علاقے پر پہلے ہی قبضہ کرلیاہے۔رپورٹ کے مطابق سیویروڈونٹسک کے قریب واقع شہر لائسکانسک سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مشرق میں تعینات یوکرین کے فوجیوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ روزانہ سو کے قریب فوجی ہلاک ہو رہے ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یوکرینی فوجیوں کے پاس گولہ بارود بھی ختم ہو رہا ہے۔دوسری جانب یوکرین طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے لیے امریکہ اور دیگر مغربی ممالک پر دباؤ ڈال رہا ہے کیونکہ روس کے ذریعہ یوکرین کے توپ خانے کو نشانہ بنایاجاتارہا ہے، ایسی صورت میں ہتھیاروں کی خاطرخواہ فراہمی کیسے ہوگی۔دریں اثنا، ماسکو نے مغربی یوکرین میں ایک فوجی گودام میں امریکی اور یورپی اینٹی ٹینک اور اینٹی میزائل سسٹم کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS