حلال مصنوعات:دائیں بازو کی تنظیموں نے آئی آر سی ٹی سی اور ایئر انڈیا پر نشانہ سادھا

0

بنگلورو (پی ٹی آئی) : کرناٹک میں کچھ دائیں بازو کی تنظیموں نے پروڈکٹس (مصنوعات) کے لیبل پرحلال کا تصدیق نامہ شائع کرنے کو لے کر سرکاری کمپنی آئی آر سی ٹی سی، ایئر انڈیا اور امول فیڈ ڈیری سمیت کئی برانڈ پر نشانہ سادھا ہے۔ ان تنظیموں نے کہا کہ جب تک ان کے پروڈکٹس پر ایسے تصدیق نامے پر پابندی نہیں لگ جاتی، تب تک ان کی مہم جاری رہے گی۔ حلال تصدیق نامہ کسی بھی پروڈکٹ کا ایک مذہبی تصدیق نامہ ہے جس سے مسلمان اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔
ہندو جن جاگرتی سمیتی کا ریاستی ترجمان موہن گوڑا نے ایک فہرست شیئر کی ہے جس میں چکن پروڈکٹس، سافٹ ڈرنکس، آٹے اور چاکلیٹ کے برانڈ کے علاوہ آئی آر سی ٹی سی، ایئر انڈیا، مہاراشٹر ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے پروڈکٹس کو حلال مصدقہ پروڈکٹس کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ گوڑا نے کہا کہ وہ حلال تصدیق نامہ کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کی فوڈ سکیورٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے کسی کو بھی حلال تصدیق نامہ جاری کرنے کا اختیار نہیں دیا ہے لیکن پھر بھی کمپنیاں تصدیق نامہ جاری کرنے کے لیے 6 اداروں کا رخ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر حلال مخالف مہم کافی زوروں پر ہے۔ کرناٹک میں 31 مارچ سے ہی دائیں بازو کے گروپوں کا ایک طبقہ حلال پروڈکٹس کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور انہوں نے ہندوئوں سے’جھٹکا گوشت‘خریدنے کی اپیل کی ہے جو ان کے مطابق حلال گوشت کے مقابلے مویشیوں اور پرندوں کے لیے کم بے رحم اور درناک ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS