عمران خان نے مذہب کی ’ریڈلائن کراس ‘کی جس کے سبب حملہ ہوا:خواجہ آصف

0

اسلام آباد، (یو این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مذہب کی ‘ریڈ لائن کراس’ کی گئی جس کی وجہ سے ملزم کے اعترافی بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے پیچھے مذہبی جنونیت ہے ۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایسا واقعہ ہے جو ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے ، عالمی دنیا میں سوچا جارہا ہے کہ پاکستانی قوم کی ذہنیت کس جانب جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان پر حملے میں کوئی سازش ہے تو انہیں بے نقاب کیا جائے ، واقعے کو اگر سیاسی رنگ دے دیا جائے گا تو ماضی کی طرح یہ واقعہ بھی قیاس آرئیوں کا شکار ہوجائے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ پچھلے دہائیوں میں بے نظیر بھٹو شہید کے واقعے میں ایسے بہت سے سوالات ہیں جن کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا، پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان پر حملے کی تحقیقات بھی قیاس آرئیوں کی نذر ہوگئی، ماضی میں اس طرح کے واقعات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پر حملے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما نظر آرہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS