دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صومالیہ کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ

0

دبئی(ایجنسیاں) :صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو کے حیات ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کی اقوام متحدہ، افریقی یونین اور صومالیہ کے بین الاقوامی اتحادیوں کی طرف سے سخت مذمت کی گئی ہے اور صومالیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے نائب ترجمان فرحان الحق نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی طرف سے 19 اگست کو حیات ہوٹل پر ہونے والے اس حملے پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔یو این سکریٹری جنرل نے صومالی حکومت اور صومالی عوام کے ساتھ اس پریشانی کی گھڑی میں اقوام متحدہ کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے صومالیہ کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور امن کی طرف سفر کو سراہا ہے۔
افریقی یونین کے ٹرانزیشن مشن کے صومالی باب نے بھی اپنے بیان میں الشباب کی طرف سے حیات ہوٹل پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ٹرانزیشن مشن نے صومالی حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ کے عزم کا اعادہ کیا اور سوگوار خاندانون کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ریاست ہائے متحدہ امریکہ نے بھی صومالیہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیاہے، خصوصا ان خاندانوں کے ساتھ جن کے پیارے الشباب کے اس حملے میں اپنے خاندانوں سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے ہیں۔ امریکہ کی طرف سے صومالیہ کے ساتھ ان قاتلوں کے احتساب کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔ نیز موگادیشو میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ‘جب دوسرے لوگ تباہی کے درپے ہیں ہم صومالیہ کی تعمیر میں کردارادا کریں گے۔’ ناروے کی وزارت خارجہ نے بھی اس سلسلے میں ایک تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔اسی طرح برطانیہ کی طرف سے بھی الشباب کے حالیہ حملوں پر جاں بحق ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘ برطانیہ صومالیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے خلاف لڑتا رہے گا۔ جو تباہی اور تخریب چاہتے ہیں۔’ ترکیہ کی وزارت خارجہ نے بھی صومالیہ کے ساتھ انہیں جذبات کا اظہار کیا ہے۔ ترکیہ کی طرف سے جار کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ ان سب مرحومین پر اپنی رحمت فرمائے جنہوں نے اس دھماکے میں اپنی جانیں دے دی ہیں۔ مختلف افریقی تنظیموں اور بین الافریقی اداروں نے بھی اس موقع پر صومالیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS