چنئی (ایجنسیاں) : انڈیا اے نے کلدیپ یادو (51/4) کی ہیٹ ٹرک کے بعد پرتھوی شا (77) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت اتوار کو دوسرے غیر رسمی ون ڈے میں نیوزی لینڈ اے کو چار وکٹ سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ اے نے انڈیا اے کے سامنے 220 رن کا ہدف رکھا تھا جسے ہندوستانی ٹیم نے 34 اوورز میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ اے کی جانب سے جو کارٹر نے80 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے72 رن بنائے جبکہ راچن رویندرا نے65 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے61 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ شان سولیا نے 28 (49) رن بنائے ۔ ہندوستان کی جانب سے راہل چاہر نے نو اوورز می 50 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے جبکہ راج باوا اور عمران ملک کو ایک ایک وکٹ ملا۔ کلدیپ نے لوگن وین بیک، جو واکر اور جیکب ڈفی کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے چار وکٹ لیے ۔ 27 سالہ بائیں ہاتھ کے چائنا مین با لر نے اتوار (25 ستمبر) کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں 47 ویں اوور کی آخری تین گیندوں پر وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے وین بیک کو 4 رنز کے ذاتی سکور پر پرتھوی شا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے جو واکر کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔ سنجو سیمسن نے ان کا کیچ لیا۔ آخری گیند پر انہوں نے جیکب ڈفی کو ایل بی ڈبلیو کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ کلدیپ نے اپنے اسپیل کے آخری اوور میں یہ کارنامہ انجام دیا۔’چائنا مین’ نے ہندوستان کے لیے سات ٹیسٹ، 69 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 182 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے زمبابوے کے دورے پر ہندوستان کے لیے آخری میچ کھیلا۔ اسپنرنے ون ڈے انٹر نیشنل میچ میں 2 بار ہیٹ ٹرک لے چکے ہیں۔ کلدیپ نے 2017 میں کولکاتا میں آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی یہ کارنامہ انجام دیا۔
پرتھوی اور رتوراج گائیکواڑ نے 220 رنوں کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے انڈیا اے کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑے ۔ گائیکواڑ نے 34 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 30 رنز بنائے جبکہ پرتھوی نے 48 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 77 رنز جوڑے ۔تاہم ہندوستانی مڈل آرڈر تیز رنز بنانے کی کوشش میں بکھرگیا۔ رجت پاٹیدار (20) اور کپتان سنجو سیمسن (37) اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے ، جب کہ تلک ورما اور راج باوا نے صفر رنز بنائے ۔
اس کے بعد شاردول ٹھاکر اور رشی دھون نے ساتویں وکٹ کے لیے 42 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ شاردول نے 24 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 25 رنز بنائے جبکہ دھون نے 43 گیندیں کھیل کر 22 رنز جوڑے ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان اے نے تین ان آفیشیل میچوں کی ون ڈے سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پرتھوی کی نصف سنچری ،انڈیا اےفتحیاب
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS