مراکش: کنویں میں پھنسا بچہ 5 دن کے طویل انتظار کے بعد ابدی نیند سوگیا

0
Twitter

رباط(ایجنسیاں) : شمالی مراکش میں اغران گاؤں میں 5 سالہ بچے کی موت پر پوری عوام سوگ میں ہے۔ گاؤں میں موجود ایک کنویں میں ریان اورام نامی بچہ پانچ روز قبل گرگیا تھا تاہم امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے باعث اس کا انتقال ہوگیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 5 دن کے بعد جب اْس کی لاش کو کنویں


سے نکالا گیا تو سینکڑوں لوگوں کا مجمع تھا جو اونچی آواز میں ریان کیلئے دعائیہ کلمات پڑھ رہے تھے جبکہ مراکش کے بادشاہ محمد نے بھی سرکاری میڈیا کے ذریعے ریان کے والدین سے تعزیت کی۔ دوسری جانب عوام کی بڑی تعداد نے بچے کو بچانے کیلئے جاری امدادی کارروائیوں کو ٹیلی ویڑن پر قریب سے فالو کیا۔
ریان کے ایک عزیز کا کہنا تھا کہ ریان کی گمشدگی کا پتہ والدین کو اس وقت چلا جب انہیں کنویں سے آوازیں آئیں۔ انہوں نے فلیش لائٹ آن کرکے اندر جھانکا تو انہیں ریان دکھائی دیا جو کہہ رہا تھا مجھے یہاں سے نکالو۔کنویں کی چوڑائی 45 سینٹی میٹر تھی جبکہ گہرائی 32 میٹر جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کا براہِ راست نیچے اترنا ناممکن تھا۔ اغران کا علاقہ پہاڑوں پر مشتمل ہے جہاں موسم سرما میں سخت سردی پڑتی ہے۔
امدادی ٹیمیں 5 سالہ بچے کو 32 میٹر زمین کی گہرائی میں زندہ رکھنے کیلئے کھانا، پانی اور بذریعہ ٹیوب آکسیجن فراہم کرتی رہیں لیکن بالآخر بچہ ٹھنڈ اور سخت حالات کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS