راجستھان کے ہاتھوں چنئی کی شکست

0
image:ndtvsports

ابوظہبی (یو این آئی) سلامی بلے باز شرتوراج گائکواڈ(ناٹ آؤٹ 101رن) کی بہترین سنچری سے چنئی سپر کنگس نے راجستھان رائلس کے خلاف آئی پی ایل مقابلے میں ہفتہ کو 20اوور میں چار وکٹ پر 189رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن راجستھان نے شیوم دوبے اور یشسوی جیسوال کی آتشیں نصف سنچری سے چنئی کو سات وکٹ سے شکست دیکر پلے آف کی اپنی امیدوں کو قائم رکھا۔ہدف بڑا تھا لیکن راجستھان نے جیسوال اور شیوم دوبے کی آتشیں نصف سنچریوں سے 17.3اوور میں تین وکٹ پر 190رن بناکر میچ جیت لیا۔ راجستھان کی 12میچوں میں یہ پانچویں جیت رہی اور وہ دس پوائنٹ کے ساتھ فہرست میں ممبئی کو ساتویں نمبر پر چھوڑ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ چنئی کو 12میچوں میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ فہرست میں چوٹی کے مقام پر قائم ہے ۔راجستھان کے لئے پہلے جیسوال نے 21 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے پچاس رن بنادیئے ۔ جیسوال اور ایون لوئس نے اوپننگ شراکت میں 77رن بناکر راجستھان کی جیت کی بنیاد تیار کردی۔ لوئس نے 12گیندوں پر 27رن میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ جیسوال اس کے چار رن بعد اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد کے ایم آصف کی گیند پر وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کو کیچ دے بیٹھے ۔ جیسوال کا وکٹ گرنے کے بعد شیوم دوبے نے کپتان سنجو سیمسن کے ساتھ محض 58 گیندوں پر 89رن کی پارٹنرشپ کرکے راجستان کو جیت کی دہلیز پر پہنچا دیا۔ سیمسن 24گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 28رن بناکر ٹھاکر کا دوسرا شکار بنے ۔ سیمسن کا وکٹ 170کے اسکور پر گرا لیکن شیوم دوبے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا اور انہوں نے 17.3اوور میں راجستھان کو جیت دلا دی۔ دوبے نے 42گیندوں پر ناٹ آوٹ 64رن میں چار چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ گلین فلپس آٹھ گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS