وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف لیڈروں کا اظہار افسوس
جے پور:(یو این آئی) راجستھان کے ضلع ناگور کے سری بالاجی تھانہ علاقے میں آج صبح ایک کروزر اور ٹریلر کے درمیان خوفناک ٹکر میں دو بچوں اور آٹھ خواتین سمیت بارہ افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس افسر لال چند مینا نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے یہ لوگ دیو درشن کے بعد اپنے گھر جا رہے تھے کہ صبح سات بجے قومی شاہراہ نمبر 62 پر بائی پاس کے قریب ان کا کروزر سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گیا۔ حادثہ اتنا شدید اور خوفناک تھا کہ آٹھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مسٹر مینا نے بتایا کہ زخمیوں کو ضلع بیکانیر کے نوکھا میں واقع سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں مزید چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ زخمیوں کی حالت سنگین ہونے انہیں بیکانیر کے پی بی ایم ہسپتال بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مدھیہ پردیش کے ضلع اجین کے سجن کھیڑااوراس کے قرب و جوار کے دیہات کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔
اس دلدوز سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ راجستھان کے ضلع ناگور میں ہولناک سڑک حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ وہ ان تمام لوگوں کے لواحقین سےاظہار تعزیت کرتے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ مسٹر مودی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
ریاست راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش لوٹنے والے ان زائرین کی ایک خوفناک سڑک حادثے میں موت بہت افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندان سے میری تعزیت ،ایشور ان کے لواحقین کو اس مشکل وقت میں طاقت اور حوصلہ دے اور جاں بحق ہونے والوں کی آتما کو سکون عطا فرمائے۔ مسٹر گہلوت نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثے میں مدھیہ پردیش کے ان عقیدت مندوں کی موت کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے ایشور سے دعا کی کہ وہ ہلاک شدگان کی آتما کو شانتی دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت ۔ انہوں نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔