مودی حکومت اور کشمیر تشدد کے معاملے میں راہل گاندھی کا بیان

0

نئی دہلی،(یو این آئی):کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات سے یہ واضح ہے کہ مودی حکومت کے پاس کشمیر کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہاں تشدد کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے، جس سے یا ثابت ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر میں سکون و سلامتی فراہم کرنے میں مودی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ “مودی حکومت کشمیر میں تشدد کو کنٹرول کرنے اور تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ قتل کے مسلسل واقعات افسوسناک ہیں۔ بہار یوپی سے باشندے ہمارے کچھ بھائیوں کو بھی اس تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت”۔
کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹویٹ کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر سے دہشت گردی ختم کرنے اور آرٹیکل 370 کے بارے میں کتنے بڑے بڑے دعوے کیے تھے۔ لیکن آج کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اس سے ہر کوئی آگاہ ہے اور خوفزدہ ہے۔ کشمیر کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے لیکن حکومت پوری صورتحال سے بے خبر نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، کشمیر اور کشمیریت دونوں خطرے میں ہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ کشمیر کے نام پر برسوں سے سیاست کرنے والی بی جے پی آج کل کہاں غائب ہوچکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS