راہل گاندھی 14 جنوری کو منی پور سے ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گے

0

نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے مرحلے کا آغاز 14 جنوری کو منی پور سے کریں گے۔
کانگریس جنرل سکریٹری آرگنائزیشن کے سی وینوگوپال اور پارٹی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جئے رام رمیش نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کے مشرق سے مغرب تک کی اس یاترا کا نام “بھارت نیائے یاترا” ہوگا اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے منی پور کی راجدھانی امپھال سے اس یاترا کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے گزشتہ سال 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے جموں و کشمیر کی راجدھانی سری نگر تک تقریباً 4500 کلومیٹر کی یاترا شروع کی تھی اور اب وہ امپھال سے یاترا کا دوسرا مرحلہ شروع کریں گے، جس میں تقریباً 6,200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ یاترا کے دوران،مسٹرگاندھی 14 ریاستوں کے 85 اضلاع سے ہوتے ہوئے 20 مارچ کو ممبئی میں یاترا کا اختتام کریں گے۔
کانگریس لیڈروں نے بتایا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوسرے مرحلے میں مسٹرگاندھی کی یہ ’نیائے یاترا‘ ملک کے لوگوں کو معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف فراہم کرنے کے لیے ہوگی۔
مسٹروینوگوپال نے کہا کہ 21 دسمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں، پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم، ایک متفقہ تجویز موصول ہوئی کہ مسٹرگاندھی کو مشرق سے مغرب تک ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا دوسرا مرحلہ شروع کرنا چاہیے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مسٹر گاندھی کی یاترا کا دوسرا مرحلہ امپھال سے شروع ہو کر ممبئی تک جاری رہے گا۔

منی پور سے یاترا شروع کرنے کے سوال پرمسٹر وینوگوپال نے کہا کہ یہ ریاست ملک کا ایک اہم حصہ ہے اور پارٹی بھی امپھال سے یاترا شروع کرکے منی پور کے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں گاندھی نے 12 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے کنیا کماری سے کشمیر تک تقریباً 4,500 کلومیٹر کا سفر طے کیا تھا اور اس بار وہ 14 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے 6,200 کلومیٹر کی یاترا کریں گے۔ اس بار یاترا پیدل کے ساتھ ساتھ بس سے بھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کا دوسرا مرحلہ منی پور، ناگالینڈ، آسام، میگھالیہ، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات اور مہاراشٹر سے گزرے گا۔ نیا ئے یاترا میں ملک کے لوگوں کے لیے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ، مسٹرگاندھی ملک کے لوگوں کے لیے انصاف بھی مانگیں گے۔
یاترا میں انڈیا الائنس کے لیڈروں کی شرکت سے متعلق سوال پر مسٹر وینوگوپال نے کوئی واضح جواب نہیں دیا لیکن کہا کہ یاترا سے متعلق تمام معاملات پر بات چیت جاری ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS