Image:thequint.com

ٹیکہ خرید میں ریاستوں کا کردار بڑھایا جائے اور ٹیکوں کی برآمدات پر روک لگائی جائے: راہل گاندھی کا وزیراعظم کو مکتوب
نئی دہلی، (پی ٹی آئی):کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ کووڈ19- کے ٹیکے کی خرید اور تقسیم میں ریاستوں کا کردار بڑھایا جائے اور ٹیکے کی برآمدات پر روک لگائی جائے۔ انہوں نے 8 اپریل کی تاریخ والے اس خط میں یہ الزام بھی لگایا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے صحیح طریقے سے عمل آوری نہ کیے جانے اور اس میں ’لاپروائی‘ کے سبب ٹیکہ کاری کی کوشش کمزور پڑتی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے یہ بھی کہا کہ ٹیکے کے سپلائروں کو ضروری وسائل مہیا کرائے جائیں تاکہ ٹیکے تیار کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔
کانگریس لیڈر نے ملک میں کووڈ19- انفیکشن کی نئی لہر آنے اور ٹیکہ کاری کی رفتار مبینہ طورپر دھیمی ہونے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر موجودہ رفتار سے ٹیکہ کاری چلتی رہی تو ملک کی 75 فیصد آبادی کو ٹیکہ لگانے میں کئی سال لگ جائیں گے۔ انہوں نے یہ اپیل کی کہ ’ٹیکے کی برآمدات پر فوری روک لگائی جائے۔ ضوابط اور رہنما ہدایات کے مطابق دوسرے ٹیکوں کو فوری طور پر اجازت دی جائے۔ جنہیں بھی ٹیکے کی ضرورت ہے، ان کے لیے ٹیکہ کاری کا انتظام کیا جائے۔ ٹیکہ کاری کے لیے طے شدہ رقم 35000 کروڑ روپے میں اضافہ کیاجائے۔‘انہوں نے وزیراعظم سے یہ بھی کہا کہ ٹیکے کی خرید اور تقسیم میں ریاستوں کا کردار بڑھایا جائے اور اس مشکل وقت میں غریب طبقوں کو راست مالی مدد دی جائے۔ کانگریس کے سابق صدر نے خط میں کہا کہ ’ہماری ٹیکہ کاری مہم کو، اب ٹیکے کے سرٹیفکیٹ پر کسی شخص کی تصویر سے آگے، زیادہ سے زیادہ ٹیکہ کاری کی سمت میں بڑھنا ہوگا۔‘
راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ کووڈ19-انفیکشن کے بڑھتے بحران کے درمیان ٹیکے کی کمی بہت سنگین مسئلہ ہے اور مرکزی سرکار کو تفریق کیے بغیر سبھی ریاستوں کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ تبصرہ اس وقت کیا ہے جب مہاراشٹر اور کچھ دیگر ریاستوں میں کووڈ19- مخالف ٹیکے کی کمی ہونے کی خبریں آ ئی ہیں۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’بڑھتے کووڈ19- بحران میں ٹیکے کی کمی ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے، ’اتسو‘نہیں ہے۔ اپنے ملک کے باشندوں کو خطرے میں ڈال کر ویکسین کی برآمدات کیا صحیح ہے؟‘کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’مرکزی سرکار سبھی ریاستوں کی، تفریق کے بغیر مدد کریں۔ ہم سب کو مل کر اس وبا کو شکست دینی ہوگی۔‘ واضح رہے کہ ایک دن میں کووڈ19- کے 1,31,968 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد جمعہ کو ملک میں متاثرہ لوگوں کی کل تعداد 1,30,60,542 ہو گئی۔ وہیں 780 مزید لوگوں کی موت ہونے کے بعد مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 1,67,642 ہو گئی ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS