پرینکا چترویدی نے سنسد ٹی وی شو کے اینکر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا

0
Janta ka reporter

نئی دہلی (یو این آئی) : راجیہ سبھا سے اپنی مبینہ ’من مانے ڈھنگ سے‘ معطلی کے خلاف احتجاج کر نے کیلئے شیوسینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے مرکزی حکومت کے زیر انتظام سنسد ٹی وی میں اینکر کے عہدے سے اتوار کو استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ محترمہ چترویدی نے آج نائب صدر وینکیا نائیڈو کو ایک مکتوب کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مکتوب میں لکھا کہ یہ بہت تکلیف کے ساتھ، لیکن ذمہ داری کے ساتھ ہے اور اس کے ذریعے میں آپ کو مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ میں سنسد ٹی وی کے شو ’میری کہانی‘سے اینکر کا عہدہ چھوڑنا چاہتی ہوں ۔محترمہ چترویدی نے کہاکہ میری من مانی معطلی کے بعد چیمبر کے اندر میری پارٹی اور میری آواز کو دبانے کیلئے پارلیمانی ضابطوں اور قواعد کی مکمل طور پر خلاف ورزی کی گئی۔ جب آئین کے میرے بنیادی حلف سے انکار کیا جا رہا ہے ، ایسے میں سنسد ٹی وی پر جگہ لینے کو تیار نہیں ہوں۔ پچھلے ہفتے محترمہ چترویدی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے 12 ارکان پارلیمان کو اس سال اگست کے مانسون سیشن کے دوران مبینہ بدتمیزی کے الزام میں پارلیمان کے پورے سرمائی سیشن کیلئے معطل کر دیا گیا تھا۔ اپوزیشن نے ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کو ‘غیر جمہوری ’ اور راجیہ سبھا کے تمام قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایوان بالا سے خود سمیت 12 ارکان پارلیمنٹ کی معطلی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چترویدی نے کہا کہ یہ کچھ ایسا ہے ہے، جوپارلیمنٹ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ معطل ارکان میں اے کریم (مارکسی کمیونسٹ پارٹی)، پھولو دیوی ، چھایا ورما، آر بورا، راجمنی پٹیل، سید ناصر حسین اور اکھلیش پرساد سنگھ (تمام کانگریس کے ) کمونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ونوئے وشوام، ڈولا سین اور شانتا چھتری (دونوں ترنمول کانگریس کے )، پرینکا چترویدی اور انل دیسائی (دونوں شیو سینا سے )شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS