سرکاری املاک میں پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری سے پرینکا ناراض

0
image:timesofindia.indiatimes.com/

نئی دہلی:(یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریلوے، قومی شاہراہوں جیسے کئی سرکاری اثاثوں میں نجی شعبے کو شراکت دار بنانے کے مرکزی حکومت کے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محنت سے بنی ملک کی کروڑوں مالیت کی جائیداد یہ حکومت اپنے دوستوں کے حوالے کررہی ہے۔
مسز واڈرا نے ٹوئٹ کیا’’آتم نربھر کا جملہ دیتے دیتے پوری حکومت کو ہی’ارب پتی دوستوں‘پر منحصر کیا گیا۔سارا کام ان ہی ارب پتی دوستوں کے لیے، تمام سرکاری املاک ان ہی کیلئے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے جو دولت بنائی ہے اسے مودی حکومت دوستوں کے درمیان لٹا رہی ہے۔ مسز وڈرا نے کہا،’’یہ سرکار 70 برسوں میں ملک کے عوام کی محنت سے بنائی گئی لاکھوں کروڑروپے کی املاک اپنے ارب پتی دوستوں کو دے رہی ہے‘‘۔
قابل غور ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو قومی’مونیٹائزیشن پائپ لائن پروجیکٹ‘کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سے متعلقہ کچھ اثاثوں میں آئندہ چار سال میں پرائیویٹ ہاتھوں کو حصہ دار بناکر 6 لاکھ کروڑ روپے جمع کیے جائیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS