شہزادہ اینڈریو، ورجینیا سے معاہدے کے بعد بھی شاہی اعزاز سے محروم

0

لندن(ایجنسیاں) : برطانوی شہزادہ اینڈریو نے جنسی زیادتی کے الزامات لگانے والی خاتون ورجینیارابرٹس کیساتھ مالی معاہدہ کرلیا لیکن اب بھی وہ اپنی شاہی حیثیت کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، مالی معاہدہ کتنی رقم پر ہوا اس بارے میں عوام کو نہیں بتایا جائے گا لیکن دونوں فریقین کے وکلانے تصدیق کی ہے کہ اینڈریو ورجینیا کے خیراتی ادارے کو کافی بڑی رقم عطیہ کریں گے۔یہ معاہدہ چند ہفتے قبل ہوا جب اینڈریو کو ایک بیان دینے کے لیے بیٹھنا تھا، جس میں ورجینیا کے وکلا نے بھی ان سے پوچھ گچھ کرنی تھی۔شاہی مبصر اْمِڈ سکوبی نے کیس میں ہونے والی پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’آج کی یہ خبریں اینڈریو کی شاہی حیثیت کو تبدیل نہیں کریں گی جو اعزازات شہزادے سے چھین لیے گئے تھے وہ واپس نہیں کیے جائیں گے اور وہ اب بھی اپنی شاہی حیثیت کااستعمال نہیں کرسکتے‘۔یاد رہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ ورجینیا رابرٹس کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیس میں مالی معاہدہ کرکے معاملے کو عدالت کے باہر ہی نمٹانے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ ورجینیا رابرٹس نے الزام لگایا کہ شہزادہ اینڈریو نے 2001 میں تین جگہوں، لندن، نیویارک، اور یو ایس ورجن آئلز میں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS