گجرات کی انتخابی مہم میں جانے سے روکنے کے لیے میری گرفتاری کی تیاری: سیسودیا

0

نئی دہلی : (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے کہا کہ انہیں گجرات کی انتخابی مہم میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے ایک فرضی کیس میں مجھے گرفتار کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
مسٹر سیسودیا نے نئی ایکسائز پالیسی کے گھوٹالہ کیس میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے پیر کے روز کئی ٹویٹس کیے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف سراسر جھوٹا مقدمہ قائم کر کے مجھے گرفتار کرنے کی تیاری ہے۔ مجھے آنے والے دنوں میں انتخابی مہم کے لیے گجرات جانا تھا۔ یہ لوگ گجرات میں بری طرح ہار رہے ہیں۔ ان کا مقصد مجھے گجرات کی انتخابی مہم میں جانے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا، ”جب میں گجرات گیا تو میں نے گجرات کے لوگوں سے کہا کہ ہم گجرات میں بھی آپ کے بچوں کے لیے دہلی کی طرح شاندار اسکول بنائیں گے۔ لوگ بہت خوش ہیں۔ لیکن یہ لوگ نہیں چاہتے کہ گجرات میں بھی اچھے اسکول بنے، گجرات کے لوگ بھی پڑھیں اور ترقی کریں۔ لیکن میرا جیل جانے سے گجرات انتخابی مہم نہیں رکے گی۔ آج ہر گجراتی اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ گجرات کا بچہ بچہ اب اچھے اسکول، اسپتال، نوکری، بجلی کے لیے مہم چلا رہا ہے۔ گجرات میں آنے والے انتخابات ایک انقلاب ثابت ہوں گے۔
مسٹر سیسودیا نے کہا، ”میرے خلاف مکمل طور پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔ میرے گھر چھاپے ماری کی گئی، کچھ نہیں ملا، میرے تمام بینک لاکرز دیکھے گئے، کچھ نہیں ملا، میرے گاؤں جا کر سب کچھ چیک کیا، کچھ نہیں ملا۔ یہ کیس مکمل طور پر فرضی ہے۔”
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مجھے سی بی آئی میں بلایا گیا ہے۔ وہ مجھے گرفتار کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سی بی آئی کو چھاپے میں کرپشن کا ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ بینک لاکر میں کچھ نہیں ملا۔ سونا، نقدی یا جائیداد کے کاغذات نہیں ملے۔ میرے گاؤں میں دریافت کیا، وہاں بھی کچھ نہیں ملا۔ وہ جانتے ہیں کہ سارا کیس فرضی ہے۔ ان کا مقصد مجھے گرفتار کر کے جیل میں ڈالنا ہے تاکہ میں گجرات نہ جاؤں۔ بی جے پی بہت خوفزدہ ہے۔ میں جب بھی گجرات گیا وہاں کےا سکولوں اور اسپتالوں کی حالت خراب دیکھی ہے۔ گجرات کے لوگوں کو اروند کیجریوال سے امیدیں ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا، “منیش کے گھر پر چھاپے میں کچھ نہیں ملا، بینک لاکر میں کچھ نہیں ملا۔ ان کے خلاف مقدمہ سراسر فرضی ہے۔ انہیں انتخابی مہم کے لیے گجرات جانا تھا۔ انہیں روکنے کے لیے گرفتار کیا جا رہا ہے۔لیکن انتخابی مہم نہیں رکے گی۔ گجرات کا ہر فرد آج “عآپ” کی تشہیر کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS