ڈی ڈی اردوپراردونیوزبلیٹن کی بحالی کا مطالبہ

0
thewire.in

نئی دہلی(ایجنسیاں) معروف سماجی و ثقافتی تنظیم ’انہد‘نے ڈی ڈی اردو پر اردو نیوز بلیٹن کی نشریات کو 10 سے کم کرکے 2 تک محدودکرنے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہد کی جانب سے جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ بات سبھی کو معلوم ہے کہ کووڈ19-کے دوران ڈی ڈی انڈیا انگلش اور ڈی ڈی نیوز ہندی کی بلیٹن کی نشریات میں بھی تخفیف کی گئی تھی، لیکن جب حالات معمول پر آنے لگے تو یہ پابندیاں ہٹالی گئیں اور انگلش اور ہندی نیوز بلیٹن کو دوبارہ شروع کردیا گیا۔ لیکن ڈی ڈی اردو پرابھی تک صرف 2 ہی نیوز بلیٹن کی نشریات ہورہی ہیں۔ریلیز میں پرساربھارتی ایگزیکٹیو آفیسر ششی ایس ویمپتی سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ وہ کسی زبان کے خلاف تفریق کا مظاہرہ نہیں کریں گے، خاص طور پر اس زبان کے ساتھ جوہندوستان میں پیدا ہوئی اور یہیں پروان چڑھی۔ سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے شاعر اشوک لال، چندربھان خیال، گوہر رضا، کامنا پرساد، قربان علی، صدیق الرحمن قدوائی، ایس ایم خان اور سیدہ حمید کی جانب سے یہ اپیل جاری کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS