چندریان 3 کی چاند پر سافٹ لینڈنگ کے لیے ملک بھر میں پوجا ارچنا کی گئی

0

نئی دہلی، چاند پر چندریان-3 کی کامیاب سافٹ لینڈنگ کی خواہش کرتے ہوئے، ملک بھر میں مختلف مقامات پر لوگوں کا ہون، پوجن اور یگیہ جیسی رسومات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے پروگرام کے مطابق چندریان 3 کا لینڈر کنٹرول رفتار سے بدھ کی شام 6 بجکر 4 منٹ پر چاند کی سطح پر اترے گا۔ مشن چندریان -3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے ملک اور دنیا کی نظریں چندریان پر ٹکی ہوئی ہیں۔ اسرو کے مطابق، چندریان-3 آج شام 6 بجکر 4 منٹ پر اترنے کے لیے تیار ہے۔ مشن چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے پٹنہ کے وید ودیالیہ کے طلبہ نے پوجا اور یگیہ کیا۔
قومی دارالحکومت کے سنت نگر آریہ سماج مندر میں ایک عظیم یگیہ کا اہتمام کیا گیا۔ یگیہ کے بعد وشو ہندو پریشد کے قومی ترجمان ونود بنسل نے کہا کہ آج صبح کالین یگیہ میں مقدس وید منتروں کے ذریعہ آہوتیاں لگاکر ہم نے چندریان کی ہمہ جہت کامیابی کے لئے خدا سے دعا کی اور تمام سائنسدانوں اور اہل وطن کے ساتھ حکومت ہند کو بھی اس کے لئے نیک خواہشات پیش کیا۔
رشی کیش کے پرمارتھ نکیتن سے لے کر یوایس تک چندریان 3 کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں اور رسومات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے مختلف حصوں میں چندریان 3 کے لیے مذہبی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ رشیکیش کے پرمارتھ نکیتن میں خاص گنگا آرتی بھی کرائی جا رہی ہے۔ آرتی سے پہلے ہون پوجا بھی کی گئی۔ ہریدوار میں چندریان کی کامیابی کے لیے، تیرتھ پروہتوں نے ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا ہے۔
جے پور کے بھوتیشور مندر میں بھی چندریان 3 کی کامیاب سوفٹ لینڈنگ کے لیے پوجا ارچنا کی گئی۔ کولکتہ میں ہون پوجن کیاگیا، لکھنؤ کے ہنومان مندر میں ہون پوجن اور نینی تال کے نینا دیوی مندر میں بھی رسومات ادا کی گئیں۔ سنگاپور کے ہائی کمشنر سائمن وونگ نے کہا کہ وہ چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے دعاگو ہیں۔ اس تاریخی لینڈنگ کے لیے ہندوستان ہی نہیں دنیا بھر سے لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں۔غورطلب ہے کہ اسرو کے سربراہ ایس سومناتھ نے اپنی ٹیم کے ساتھ ‘چندریان-3’ مشن کے آغاز سے پہلے تروپتی کے سلورپیٹا میں سری چنگلما پرمیشورینی مندر میں پوجا ارچنا کی تھی۔ اس مشن کو کامیابی کے ساتھ منظم کرنے کے لیے ٹیم میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسرو کے بنگلورو میں واقع ٹیلی میٹری اینڈ کمانڈ سینٹر (آئی ایس ٹی آراے سی) کے مشن آپریشن کمپلیکس (ایم اوایکس) میں 50 سے زیادہ سائنسدانوں نے کمپیوٹر پر چندریان-3 سے حاصل کردہ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے میں پوری رات گزاری۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS