مڈل ایسٹ کے ممالک میں پھنسے لوگوں کو ہندوستان لانے کے انتظامات کرے حکومت: راہل گاندھی  

0

نئی دہلی: کووڈ ۔19 عالمی وبا کے درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشرق وسطی میں پھنسے ہزاروں ہندوستانی کارکنوں کو وطن واپس لوٹائے۔ راہل نے بروز بدھ اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعہ یہ مطالبہ کیا۔ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا، کووڈ 19 بحران اور کاروبار کی بندش، مشرق وسطی کے ممالک میں ہزاروں ہندوستانی کارکن شدید پریشان اور وطن واپسی کے لئے بے چین ہیں۔ حکومت ان بھائیوں اور بہنوں کو وطن واپس لانے کے لئے پروازوں کا انتظام کرکے ان کی مدد کرے۔ انہیں قرانطینہ کے لئے بھی منصوبہ تیار کرنا چاہئے۔
غور طلب ہے کہ کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔
ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کے معاملات میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10800 کو عبور کر چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1463 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 29 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں اب تک 353 افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ حالانکہ 1190 مریض بھی اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن 3 مئی تک جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی صبح کو عوام سے خطاب میں لاک ڈاؤن بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS