پولیس کا بانڈی پورہ میں پانچ جنگجو اعانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ

0

سری نگر:یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں جنگجووں کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کرکے لشکرطیبہ سے وابستہ پانچ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے عرفان احمد بٹ ساکن اشٹنگو ،سجاد احمد میر ساکن ارن ، شارق احمد میر ساکن ارن اور عرفان احمد جان ساکن قاضی پورہ بانڈی پورہ نامی چار جنگجو مدد گاروں کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان ضلع کے مختلف علاقوں میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم کو منطقی ودیگر مواد فراہم کرتے تھے۔ ادھر ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے رکھ حاجن کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران جنگجو معاون عرفان عزیز بٹ ساکن حاجن کو چینی گرینیڈ سمیت گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار معاون کے پاکستانی جنگجو عمر لالہ اورمارے گئے جنگجو سلیم پرے کے ساتھ قریبی رابطے تھے ۔
اُن کے مطابق عرفا ن عزیز پاکستانی جنگجو کے ہمراہ حاجن اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS