نظم۔۔ فلسطین

0

نقشِ فردوس ہوں نورِ یٰسین ہوں
میں فَلسطَین ہوں میں فلسطین ہوں

مجھکو کہتے ہیں سب انبیإ کی زمیں
ہیں سلیماں سے پُر کیف میرے مکیں
کسقدر خوبصورت ہے میری جبیں
میری صبحیں جواں ، میری راتیں حسیں
مظہرِ علم و فن مرکزِ دین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

یہ یہود و نصاریٰ کا جوشِ جنوں
جس نے نا حق کیا نیک لوگوں کا خوں
سارے عالم پہ چھایا ہے جس کا فسوں
جس نے برسوں سے لوٹا ہے میرا سکوں
اس لۓ آج میں اتنا غمگین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

بن کے غاصب سرِ عام بیچا گیا
میرے خوں سے زمانے کو سینچا گیا
دار پر بھی کبھی مجھکو کھینچا گیا
قید میں طوق پہنا کے بھیجا گیا
وہ سمجھتے ہیں میں کوٸ مسکین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

تیر گی ظلم کی روز بڑھتی گٸ
حریّت کی مگر شمع جلتی رہی
بے حسی امّتِ مسلمہ کی سہی
آسماں نے نہ فریاد میری سُنی
نغمٸہ درد سے ایک دو تین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

میرے دامن میں ہے مسجدِ انبیإ
جس جگہ سے گۓ عرش پر مصطفٰی
انبیإ سے بنے جس جگہ مقتدہ
اور امامت کیۓ جس کی شاہِ ھُدیٰ
میں وہ فرشِ زمیں پاک پروین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

کافروں کا جہاںٕ مجھ سے پیارا نہیں
میں وہ دریا ہوں جس کا کنارا نہیں
صاحبِ عزم ہوں بے سہارا نہیں
کوٸ آنکھیں دکھاۓ گوارا نہیں
رنگِ رحمت سے میں بھی تو رنگین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

خون میرا بہاتے ہیں اہلِ جفا
قدر کرتے ہیں میری فقط با و فا
پاک ہے میرے گلشن کی آب و ہوا
کون ہے سر زمیں مجھ سے بڑھ کر سَوا
باغِ فردوس کا میں ہی شاہین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

میرے سینے میں خنجر چُبھایا گیا
خون کے اشک مجھ کو رلایا گیا
ساحلِ موت پر مجھ کو لایا گیا
پیرہن بے بسی کا پہنایا گیا
آج میں نسلِ آدم کی توہین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

پی کے رخصت ہوۓ کچھ شہادت کا جام
کتنے بکھرے ہوۓ ہیں یہاں جسمِ خام
کوٸ آقا ہے ، بندہ ہے ، کوٸ غلام
آہ و زاری ہے لب پر یہاں صبح و شام
حال پر اپنے فی الحال غمگین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

پوچھ لو چاند سورج سے میرا بیاں
صرف اللّلہ جانے ہے رازِ نہاں
کیوں کروں رازِ دل اِس جہاں سے بیاں
معتبر ہے جہاں سے میرا آستاں
رحمتوں کا نشاں حق کی تلقین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

لاکھ احکم کہے مجھکو دنیا بُرا
مجھ کو قدرت نے بخشا ہے صبرو رضا
سن ہی لیتا ہے معبود میری دعا
بس بُرا مجھ کو کہتے ہیں اہلِ خطا
نیک اطوار ہوں نیک آٸین ہوں
میں فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

احکم غازیپوری

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS