نئی دہلی (یو این آئی) : حکومت نے سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں میں بچوں کو 5 سال کی مدت کیلئے تازہ کھانا فراہم کرنے کیلئے ’پردھان منتری پوشن‘ کی قومی اسکیم کو جاری رکھنے کی منظوری دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی نے بدھ کو اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی۔وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے ایک پریس کانفرنس میں اس فیصلے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’پردھان منتری پوشن یوجنا ‘ایک مرکزکی سرپرستی والی اسکیم ہے، جس میں سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے آٹھویں کلاس تک کے تمام اسکول کے بچوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس اسکیم کو ’مڈ ڈے میل اسکیم‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ’مڈ ڈے میل‘ اسکیم کو نیوٹریشن اسکیم کے ذریعے بڑھایا گیا ہے ۔ یہ اسکیم بچوں کیلئے غذائیت سے بھرپور خوراک کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت 54061.73 کروڑ روپے اور ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 31733.17کروڑ روپے فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ، مرکزی حکومت اس غذائیت کی اسکیم کیلئے غذائی اجناس پر تقریباً 45000کروڑ کی اضافی لاگت بھی برداشت کرے گی۔ اس اسکیم کا مجموعی بجٹ 130794.90 کروڑ روپے کا ہوگا۔
انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ ملک بھر کے 11.20لاکھ اسکولوں میں پڑھنے والے تقریباً 11.80کروڑ بچے غذائیت کی اس اسکیم میں شامل ہیں۔ سال 2020-21 کے دوران حکومت ہند نے اس اسکیم میں 24400کروڑ سے زیادہ خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم میں کمیونٹی کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ بچوں کو خاص مواقع یا تہواروں پر خصوصی پکوان پیش کیے جائیں گے ۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ حکومت بچوں کو فطرت اور باغبانی کا پہلا مشاہدہ کرانے کیلئے اسکولوں میں باغات کی ترقی کو فروغ دے رہی ہے ۔ ان باغات کی فصل کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کے کھانے میں غذائیت سے بھرپور پھل اور سبزیاں شامل کی جائیں گی۔ تین لاکھ سے زائد سکولوں میںا سکول نیوٹریشن گارڈن پہلے ہی تیار ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی کھانوں کو فروغ دینے کیلئے دیہی سطح سے قومی سطح تک کھانا پکانے کے مقابلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کسان پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی اووز)اور خواتین سیلف ہیلپ گروپس کی شرکت کو ایک خودمختار ہندوستان کیلئے ’ووکل فار لوکل‘کو فروغ دے کر اس غذائیت کی اسکیم کے نفاذ اور مقامی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مقامی روایتی کھانوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS