یوم آزادی 2020:وزیراعظم مودی نے لال قعلہ کی فصیل پر پرچم کشائی کی، مجاہدین آزادی کو کیا سلام

0

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے  سے ملک سے اپنے خطاب میں آج سے ’نیشنل ڈجیٹل ہیلتھ مشن ‘ شروع کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان میں صحت کے شعبہ میں نیا انقلاب لیکر آئے گا۔
مودی نے کہا’’ملک میں آج سے ایک بہت بڑی مہم شروع ہونے جارہی ہے نیشنل ڈجیٹل ہیلتھ مشن، اب آپ کا ہر ٹسٹ ، ہر بیماری ، آپکو کس ڈاکٹر نے  کونسی دوا دی ، آپ کی رپورٹس  کیا تھیں ، یہ تمام معلومات ہیلتھ آئی ڈی میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب کورونا شروع  ہوا تھا تو ہمارے ملک میں کورونا ٹسٹنگ کے لئے صرف ایک لیب تھی۔ آج ملک میں 1،400 سے زائد لیبز ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے اس غیر معمولی  دور میں ’سیوا پرمو دھرما‘( خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے) کی روح کے ساتھ  ہمارے ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس کے عملے ،  صفائی ملازمین  ، پولیس اہلکار ،  سروسز  کے عملہ سمیت بہت سارے افراد اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چین اور پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندوستان کی طرف نگاہ اٹھانے والوں کو مناسب جواب دیا جائے گا اور لداخ میں دنیا نے اس کی جھلک دیکھی ہے۔
مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی  فصیل سے  پرچم  کشائی کے بعد ملک سےخطاب کرتے ہوئے  کہا کہ پورا ملک وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لئے جوش و جذبے سے  لبریز  ہے۔ مشرقی لداخ میں
چین کے ساتھ تقریبا تین ماہ تک جاری رہنے والے تنازع پرانہوں نے کہا’’ایل او سی سے لیکر ایل اے سی تک ملک کی خودمختاری و سالمیت پر جس کسی نے آنکھ  اٹھائی ہے  ملک نے ،ملک کی فوج نے اس کا اسی زبان میں جواب دیا ہے‘‘۔
تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جاری  اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی خودمختاری کا وقار ہمارے لئے سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا’’ملک کے بہادر فوجی مادر وطن کی حفاظت کے لئے کیا کر سکتے ہیں ، ملک کیا کرسکتا ہے ، دنیا نے لداخ میں دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان بہادر فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
مودی نے کہا کہ  مضبوط اور محفوظ ہندوستان بنانے کے لئے بہت سے محاذوں پر ایک خاص  حکمت عملی کے ساتھ حکومت کام کر رہی ہے۔ جب ہندوستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا عارضی ممبر بنایا گیا تھا ، تو اسے 192 میں سے 184 ممالک کی حمایت  ملی ، یہ اس ملک کی مضبوطی کی علامت ہے۔
ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا ’’ہمارے پڑوسی ممالک کے ساتھ ، خواہ وہ ہم سے زمین سے منسلک ہوں یا سمندر سے ہم اپنے تعلقات کو سلامتی ، ترقی اور اعتماد کے اشتراک سے جوڑ رہے ہیں۔‘‘
جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے  جذبہ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ’’جنوبی ایشیامیں  دنیا کی ایک چوتھائی آبادی  رہتی ہے۔ ہم تعاون اور شراکت سے اتنی بڑی آبادی کی ترقی اور خوشحالی کے انوکھے امکانات پیدا کرسکتے ہیں۔ اس خطے کے ممالک کے تمام رہنماؤں کی اس بڑے  انسانی گروپ کی ترقی  کیلئے  بڑی  اہم ذمہ داری ہے‘‘۔
مودی نے کہا کہ دفاعی شعبے میں خود کفیل  ہونے کی جانب اقدامات کرتے ہوئے حکومت نے دفاعی شعبے کی 101 مصنوعات کی درآمدات  پر پابندی عائد کردی ہے اور اس کے اچھے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
 وزیراعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل  سے ہفتہ کے روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں ، مزدوروں ، کسانوں اور خواتین کی زندگی  کو بہتر بنانے  کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ وہ اپنی پوری صلاحیتوں کو  بروئے کار لاکر ملک کی تعمیر میں اپنا  تعاون کرسکیں۔
مودی نے 74 ویں یوم آزادی  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر متوسط ​​طبقے کو مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ پوری صلاحیتوں اورامکانات کے ساتھ کام کرتے ہیں اور حیرت انگیز نتائج دیتے ہیں۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران مزدوروں ، کسانوں ، خواتین اور نوجوانوں کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کورونا بحران کے وقت نے یہ ثابت کردیا کہ ہر ہندوستانی ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں دیہی علاقوں میں زندگی آسان بنانے کے لئے انفراسٹرکچر تیار کیا جائے گا۔ اس سے لوگوں کو مقامی سطح پر تمام سہولیات میسر آسکیں گی۔ گاؤں میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیت کو فروغ دینے کا پورا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2014 سے قبل ملک کی صرف پانچ درجن پنچایتوں کو آپٹیکل فائبر سے جوڑا گیا تھا۔ گزشتہ پانچ  برسوں میں ملک میں ڈیڑھ لاکھ گرام پنچایتوں کوآپٹیکل فائبرسے مربوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا’’آنے والے 1000 دنوں میں،ملک کے ہر گاؤں کو آپٹیکل فائبر سے مربوط کیا جائے گا‘‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS