75ہزارتقرر نامے تقسیم کرنے کے بعد ’روزگار میلے‘سے وزیراعظم مودی کا خطاب

0
Indian Lekhak

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ سرکار کووڈ19- وبا کے بعد دنیا بھر کے کئی ملکوں کو درپیش اقتصادی مسائل کو کم کرنے کی سمیت میں کام کر رہی ہے۔ سرکاری نوکری کے خواہشمند امیدواروں کے درمیان 75,000تقرر نامہ تقسیم کرنے کے بعد ’روزگار میلے‘ کو خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مرکزی سرکار نوجوانوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کو لے کر بھی کئی مورچوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’یہ سچ ہے کہ عالمی صورتحال بہت اچھی نہیں ہے۔ کئی بڑی معیشتیں جدو جہد کر رہی ہیں۔ کئی ملکوں میں مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل عروج پر ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ صدی میں ایک بار آنے والی ایسی وبا کے منفی اثرات 100 دن میں دور نہیں ہوں گے۔ مودی نے کہا کہ ’لیکن دنیا بھر میں ہرجگہ محسوس کیے جانے والے اس بحران کے اثر کے باوجود ہندوستان لوگوں کو ان مسائل سے متاثر ہونے سے بچانے کے لیے نئی نئی پیش رفت کر رہا ہے اور کچھ رسک لے رہا ہے۔‘ وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم اپنے ملک پر اس اثر کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یہ ایک چیلنج سے بھرا کام ہے، لیکن آپ کے آشیرواد سے ہم اب تک ایسا کر پا رہے ہیں۔‘ اس سے قبل وزیراعظم نے نوکری کے خواہشمند 75,000 امیدواروں کو ڈجیٹل میڈیم سے تقرر نامے بھیجے۔ ملک بھر سے منتخب ان لوگوں کو حکومت ہند کی 38 وزارتوں یا محکموں میں نوکری دی جائے گی۔ انہیں گروپ ’اے‘ اور ’بی‘ (گزیٹیڈ)، گروپ ’بی‘ (نان گزیٹیڈ) اور گروپ ’سی‘ میں مختلف سطحوں پر نوکریاں دی جائیں گی۔ سرکار کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جن عہدوں پر تقرریاں کی جا رہی ہیں ان میں سنٹرل آرمڈ فورسز کے جوان، سب انسپکٹر، کانسٹبل، ایل ڈی سی، اسٹینوگرافر، پی اے، انکم ٹیکس انسپکٹر اور ایم ٹی ایس شامل ہیں۔ یہ بھرتیاں وزارتوں اور محکوں کے ذریعہ یا تو خود یا بھرتی ایجنسیوں جیسے یو پی ایس سی، ایس ایس سی اور ریلوے بھرتی بورڈ کے توسط سے کی جا رہی ہے۔ سرکار نے کہا تھا کہ تیزی سے بھرتی کے لیے سلیکشن کی کارروائیوں کو سہل اور تکنیکی طور پر آسان بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے جون میں مختلف سرکاری محکموں اور وزارتوں سے کہا تھا کہ وہ اگلے ڈیڑھ سال میں 10 لاکھ لوگوں کو ’مشن موڈ‘ میں نوکریاں دیں۔
اس موقع پر مسٹر مودی نے ملازمت کے متلاشیوں کو تلقین کی کہ وہ سرکاری ملازمتوں کو سہولت کے طور پر چلانے سے گریز کریں اور خدمت کے جذبے کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی نوجوان آبادی کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھتے ہیں۔ ہمارے نوجوان آزادی کے امرت میں ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے محرک ہیں۔ آج جن لوگوں کو تقرری کا لیٹر ملا ہے ، ان سے میں خاص طور پر یہ کہنا چاہوں گا کہ جب بھی آپ دفتر آئیں، اپنے فرض کے راستے کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ آپ کو عوام کی خدمت کے لیے مقرر کیا جارہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ21ویں صدی کے ہندوستان میں سرکاری ملازمت کوئی سہولت نہیں، بلکہ وقت کی حد کے اندر کام کرکے ملک کے لوگوں کی خدمت کرنے کا عہد ہے ، یہ ایک سنہری موقع ہے ۔ حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، خدمت کی فکر اور وقت کی پابندی کو ہم سب مل کر اسے برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ مجھے یقین ہے کہ اس بڑے عزم کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، آپ خدمت کے جذبے کو سب سے اوپر رکھیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS