رمیش اوستھی
نئی دہلی، (ایس این بی) :ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی ہماچل میں دوبارہ سرکار بنانے جارہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے انتخابی مہم میں آنے سے ہماچل پردیش کی فضا بدل گئی ہے۔ ڈبل انجن سرکار کا فائدہ ہماچل کے باشندوں کو پہلے بھی ملتارہا ہے جو آگے بھی ملتا رہے گا۔ ریاست میں پنشن دینے کا کام ڈبل انجن سرکار ہی کرے گی۔ سرکار نے خواتین کو بااختیار بنانے کو نہ صرف فروغ دیا، بلکہ نوجوانوں کو لون دینے کا بھی کام کیاہے۔ جے رام ٹھاکر نے یہ دعوے اپنی رہائش گاہ پر سہارا سمے نیوز چینل کے گروپ ایڈیٹر رمیش اوستھی سے ایک خاص بات چیت میں کئے۔
ٹھاکر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کا اور سابق وزیراعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی جی کا ہماچل سے خاص لگاو¿ رہا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کانگریس کے لیڈروں کے ذریعہ انتخابی مہم میں پرینکا گاندھی کو ہماچل کی بیٹی کے طورپر پیش کیا جارہا ہے، اس سوال پر ٹھاکر کا کہنا ہے کہ یہ ایک پروپیگنڈا ہے۔ راہل گاندھی کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹھاکر کہتے ہیں کہ کانگریس راہل سے ڈری رہتی ہے۔ 2 ریاستوں میں الیکشن ہو رہے ہیں، لیکن انہیں یاترا پر بھیج دیاگیاہے۔ کانگریس کو ڈر رہتا ہے کہ وہ انتخابی مہم میں آکر نہ جانے کیا بول دیں؟ نوجوان ووٹروں کے سلسلے میں پوچھے جانے پر وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ ہماچل کا نوجوان بیداراور سمجھدارہے۔ وہ قومی اور مقامی ایشوز سے متاثر ہوکر ووٹ کا استعمال کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پہلے کانگریس کچھ مقابلے میں نظر آرہی تھی، لیکن بی جے پی کے ٹاپ لیڈروں کی تشہیر کی وجہ سے اب ماحول یکطرفہ ہوگیاہے۔ پارٹی 45 سے 50 سیٹیں جیت کر مکمل اکثریت کی سرکار بنانے جارہی ہے۔ ایک دیگر سوال کے جواب میں ٹھاکر نے کہاکہ 5سالوں میں ان کی سرکار نے ہماچل کی ترقی کیلئے بہت کام کیاہے۔ اسی کام کی بنیاد پر وہ ہماچل کے عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے۔ گزشتہ 5 سالو ںکے دوران سرکار کے خلاف کانگریس کو کوئی بڑا ایشو نہیں ملا۔ وہ ایشو اٹھاتے ہیں، کامیاب نہ ہونے پر ایشو کو درمیان میں ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ کانگریس کا 10ضمانتی کا، جو منشور آیا ہے، اس کے بارے میںیہ واضح ہی نہیں ہے کہ اس کےلئے وسائل کہاں سے لائیں گے۔ ہماچل میں 2012 میں جب کانگریس کی سرکار تھی، اس وقت انہوں نے وعدہ کیاتھا کہ ہر گھر سے ایک ممبر کو سرکاری ملازمت دیں گے۔ سرکار رہتے کانگریس اپنا وہ وعدہ پورا نہیں کرپائی۔ کانگریس کی تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے نہیں کرتی۔ بی جے پی اپنے وژن دستاویز میں کئے گئے وعدوں سے آگے بڑھ کر کام کرتی ہے۔ 3لاکھ 45ہزار گیس کے کنکشن دینے کا کام ہم نے کیاہے۔ پہلے ہم 2گیس سلنڈر مفت میں دیتے تھے۔ اس بار سرکار بننے پر ہم 3گیس سلنڈر فری دیں گے۔ ان کا کہناہے کہ ہماچل کی بھلائی کیلئے وہ 14سے15گھنٹے کام کرتے ہیں۔ مودی جی کو ان پر پورا اعتماد ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS