متھراعیدگاہ: وقف بورڈ کی عدالت میں عدم پیشی، نوٹس جاری، سماعت ملتوی

0

متھرا،(ایجنسیاں) :شری کرشنا کی 13.37 ایکڑ اراضی کو لے کر ڈسٹرکٹ کورٹ میں عرضیاں داخل کی گئی ہیں۔ ہندو تنظیموں کی عرضیوں میں عدالت سے درخواست کی گئی کہ شاہی عیدگاہ مسجد شری کرشنا کی زمین پر بنائی گئی ہے۔ اس معاملے کی آج عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 28 نومبر مقرر کی ہے۔شاہی عیدگاہ مسجداورشری کرشنا جنم بھومی معاملہ سے متعلق ضلعی عدالت میں سماعت جاری ہے۔ شری کرشنا جنم بھومی مکتی نیائے کے بینر تلے درخواست داخل کی گئی عرضی پر آج ضلع عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے مدعی اور مدعا علیہ کے موقف کو سنا۔ اس بار بھی سنی وقف بورڈ کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوسکا،جس پر عدالت نے پھر سنی سنٹرل وقف بورڈ کو نوٹس جاری کیا ، عدالت نے سنی وقف بورڈ کو پیش ہونے کی ہدایت دی ۔ شری کرشنا جنم بھومی مکتی نیاس کے صدر مہندر پرتاپ سنگھ نے سماعت کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سنی وقف بورڈ کے لوگ ہر بار کسی نہ کسی بہانے سے عدالت میں حاضر نہیں ہوتے ہیں۔ آج کی سماعت کے دوران بھی سنی وقف بورڈ کی جانب سے کوئی حاضر نہیں ہوا، جبکہ شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی کی جانب سے لوگ پیش ہوئے۔ مہندر پرتاپ سنگھ کا کہنا ہے کہ عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل سنے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سماعت کی پیشگی تاریخ 28 نومبر مقرر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری کرشنا جنم بھومی کی 13.37 ایکڑ اراضی میں سے 2.65 ایکڑ اراضی پر شاہی عیدگاہ مسجد بنی ہوئی ہے۔ عدالت میں اب تک تقریباً ایک درجن درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS