ماتا ویشنو دیوی مندر حادثے پر متعدد لیڈران کا اظہار رنج و غم

0
Kashmir Reader

نئی دہلی (یو این آئی) : نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے جموں و کشمیر کے کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی مندر میں پیش آئے حادثے پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے ۔ ہفتہ کو یہاں جاری ایک پیغام میں نائیڈو نے امید ظاہر کی کہ مقامی انتظامیہ متاثرین کی مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہونے والے حادثے سے دکھی ہوں، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ مقامی انتظامیہ متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ویشنو دیوی مندر میں پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں مودی نے کہا کہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ میں جانوں کے ضیاع سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری تعزیت۔ میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کرتا ہوں۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے منوج سنہا جی، وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ جی اور مسٹر نتیا نند رائے جی سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہیں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے ‘‘ماتا ویشنو دیوی مندر میں آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 ، 2لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ جبکہ زخمیوں کو ، 50، 50 ہزار روپے دیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ماتا ویشنو دیوی مندر میں کل دیر رات بھگدڑ مچ گئی جس میں کئی لوگوں کی موت اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ۔
اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کی صبح جموں۔ کشمیر واقع ویشنو دیوی مندر میں مچی بھگدڑ کے واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر نے اس حادثے میں جان گنوانے والے عقیدت مندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ راج بھون کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق گورنر نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ماتا ویشنو دیوی دھام میں پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے سے دل کا فی رنجو ہے ۔ ماں آدی شکتی اس حادثے میں مہلوکین کی روحوں کو سکون عطا کرے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحت یاب کرے ۔ میری ہمدردیاں سوگوار کنبوں کے ساتھ ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ نئے سال کی نئی صبح کے ساتھ ہی ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں درجن بھر زائرین کی المناک موت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے سے کافی مغموم ہوں۔ اکھلیش نے کہا، کہ مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہم زخمیوں کے جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS