بی جے پی ریلیوں میں عوام کے پیسوں کا غلط استعمال کررہی ہے :مایاوتی

0
Image: Outlook India

لکھنؤ (یواین آئی) : بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے مرکز و ریاست میں بی جے پی حکومت پر انتخابات سے قبل سرکاری خرچ سے ریلیوں کے انعقاد پر عوام کا پیسہ برباد کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ مایاوتی نے ہفتہ کو جاری بیان میں ریاستی باشندوں کو نئے سال کی مبارک باد یتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاستوں کے اقتدار پر قابض بی جے پی اور کانگریس کی یہ فطرت ہے کہ انتخابات کے اعلان سے دو ڈھائی مہینے پہلے یہ پارٹیاں ہوائی اعلانات اور سنگ بنیاد کی آڑ میں اپنی انتخابی ریلیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ریلیوں میں ان پارٹیوں کا نہیں بلکہ عوام کا سرکاری پیسہ پانی کی طرح بے دردی سے بہایا جاتا ہے ۔ بی ایس پی سربراہ نے اسے سرکاری خزانے کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ریلیوں میں زیادہ بھیڑ سرکاری ملازمین اور ٹکٹ کے خواہاں افراد کی ہوتی ہے ۔ مایاوتی نے انتخابی ریلیوں کے سلسلے میں بی ایس پی کی دیگر پارٹیوں سے الگ خاص طرز عمل پر کئے جارہے طنز پر کہا‘ انتخاب کی تیاری کے سلسلے میں ہماری پارٹی کے الگ طرز عمل اور طور طریقے ہیں جسے ہم تبدیل کرنا نہیں چاہتے ہیں۔ ہماری پارٹی کی طرز عمل کے لئے دوسری پارٹیوں کو فکر نہیں کرنی چاہئے ۔ ہمیں خود اپنی پارٹی کی فکر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمی تیز ہونے کے ساتھ ہی بی جے پی، ایس پی اور کانگریس کے اعلی لیڈروں کی مستعدی کے درمیان مایاوتی کی انتخابی مہم ابھی تک شروع نہ ہونے سے سیاسی گلیارے میں موضوع بحث ہے ۔ مایاوتی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہورت میں عوام کے پاس‘ ایک شخص ایک ووٹ’ کا ہتھیار ہے جس کے استعمال سے لوگ عوام مخالف حکومت کو مناسب سزا دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اترپردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں لوگوں سے پورے احتیاط اور بیداری کے ساتھ ووٹ دے کر برے دنوں سے آزادی حاصل کر کے اچھے دن کی طرف بڑھنے کی اپیل کی ۔مایاوتی نے کہا کہ نئے سال میں 2022 کی صحیح عزم اور پیغام بھی یہی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS