پنچایتوں میں نہیں ہوگی بجٹ کی کمی:یوگی

0

جالون (یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ پنچایتوں کو ہائی ٹیک بنانے کے لئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ یوم قومی پنچایتی راج کے موقع پر ارئی تحصیل کے گائوں ایری رمپور میں اتوار کو مختلف پروجکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد یوگی نے کہا کہ پنچایتی راج کا خواب مہاتما گاندھی کا تھا جو یوم راشٹریہ پنچایتی راج کے موقع پر پورا ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتوں میں بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ اب گائوں کی پنچایتیں ترقی کا مرکز ہوں گی۔ ہر گرام پنچایت میں سکریٹریٹ بنائے جائیں گے اور وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آپٹیکل فائبر بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ گائوں کا ہر فرد گائوں میں ہی آمدنی کا سرٹیفکیٹ، ذات کا سرٹیفکیٹ، رہائش کا سرٹیفکیٹ اور دیگر سہولیات حاصل کر سکے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت بیت الخلاءبنائے جائیں گے ۔ صحت کی سہولیات کو گرام پنچایت تک پہنچانے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ دیہی اسکولوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ، جس کے لیے معیار کے مطابق نئے اسکول قائم کیے جائیں گے ۔دیہی علاقوں میں پانی کا بحران نہ ہو اس کے لئے امرت سروور یوجنا کے تحت پانی ذخیرہ کرنے کے لیے امرت سرور کی تعمیر کرائی جائے گی۔ خواتین کو عزت دینے کے لیے گائوں میں مشن شکتی پروگرام چلائے جائیں گے ۔
خطاب کے بعد، یوگی آدتیہ ناتھ نے گرام سبھا کی کھلی میٹنگ میں بھی شرکت کی، جہاں گائوں کے سربراہ اومکار پال نے میٹنگ کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر گائوں میں اچھے کام کرنے والے ضلع پنچایت صدر گھنشیام انوراگی اور گرام پردھان کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام کے دوران ایم ایل اے گوری شنکر، ایم ایل اے مول چند نرنجن، قانون ساز کونسل کے رکن راما نرنجن سماج وادی پارٹی کلپی کے ایم ایل اے ونود چترویدی، پنچایتی راج کے وزیر بھوپیندر چودھری اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS