اسلام آباد میں موبائل سروس تین روز کے لیے معطل

0
pakistantoday.com

اسلام آباد: (یو این آئی) حکومت پاکستان نے جمعہ کو شروع ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں تمام موبائل فون خدمات تین دن کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تاہم کہا ہے کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہواہے۔ پاکستان اسلام آباد میں او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔ تین روزہ کانفرنس آج سے شروع ہو رہی ہے اور وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 19 دسمبر کو سعودی عرب کی صدارت میں بلایا جائے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت داخلہ کی درخواست پر موبائل فون کمپنیوں کو دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں 17، 18 اور 19 دسمبر کو تین دن کے لیے سروسز معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹی وی چینلوں پر احکامات کی خبر جاری ہونے کے فوراً بعد وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پر حتمی فیصلہ آج ہی کر لیا جائے گا۔ سماءٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کے پیش نظر قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے دفاتر بھی 13 سے 20 دسمبر تک بند کر دیے گئے ہیں اور اس دوران ملازمین کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ 20 دسمبر تک پارلیمنٹ ہاوئس میں پبلک اکاوئنٹس کمیٹی یا قائمہ کمیٹیوں کی کوئی میٹنگ نہیں ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS