افغانستان میں پھنسے صحافیوں کی مدد کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی

0
CNN

اسلام آباد: (یو این آئی) پاکستان نے افغانستان میں سیکیورٹی کی ابتر ہوتی صورت حال کے پیش نظر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی مدد کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ‘افغانستان میں تبدیل ہوتی صورت حال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے افغانستان میں پھنسے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے’۔
بیان میں کہا گیا کہ جو بین الاقوامی صحافی اور میڈیا کارکنان پاکستان کے راستے افغانستان چھوڑنا چاہتے ہیں، ان سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان کے ویزے کے لیے درخواست دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ان بین الاقوامی صحافیوں اور کارکنان کو ترجیحی بنیادوں پر ویزا جاری کرے گی۔
ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے ویزا پالیسی میں نرمی کااعلان افغانستان میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کے تحفظ کے پیش نظر کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے صحافیوں کی مدد کے لیے اہم اعلان افغانستان میں مزید اہم شہروں پر طالبان کے قبضے کے بعد کیا گیا جہاں طالبان تیزی سے پیش قدمی کر رہے ہیں اور کابل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ 11 ستمبر تک امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہو جائے گا جس کے ساتھ ہی 20سال تک جاری رہنے والی امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ بھی اختتام پذیر ہو جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS