6 ہزار اداروں کا ایف سی آر اے رجسٹریشن ختم

0
scroll.in

غیر سرکاری تنظیموں سمیت آئی آئی ٹی دہلی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور آکسفیم بھی شامل
نئی دہلی (پی ٹی آئی) :انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، انڈین میڈیکل ایسو سیئشن (آئی ایم اے) اور نہرو میموریل میوزیم و لائبریری ان 6000 اداروں یا تنظیموں میں شامل ہے جن کا غیر ملکی چندہ (ریگولیشن) ایکٹ (ایف سی آر اے) رجسٹریشن ہفتہ کو ختم ہو گیا۔ حکام نے کہا کہ ان اداروں نے یا تو اپنے ایف سی آر اے لائسنس کی تجدید کاری کے لیے درخواست نہیں دی یا مرکزی وزارت داخلہ نے ان کی درخواستوں کو خارج کر دیا۔ غیر ملکی چندہ (ریگولیشن) ایکٹ(ایف سی آر اے) سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق جن تنظیموں اور اداروں کا ایف سی آر اے کے تحت رجسٹریشن ختم ہو گیا ہے یا منظوری ختم ہو گئی ہے، ان میں اندرا گاندھی نیشنل آرٹ سنٹر، انڈین پبلک ایڈمنسٹریشن انسٹیٹیوٹ، لال بہادر شاستری میموریل فائونڈیشن، لیڈی شری رام کالج فار وومن، دہلی کالج آف انجینئرنگ اور آکسفیم انڈیا شامل ہیں۔ ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور اس کے معاونین کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے والی مرکزی وزارت داخلہ کے حکام نے کہا کہ ایکٹ کے تحت رجسٹریشن ہفتہ (یکم جنوری) کو ختم مانا گیا ہے۔ غیر ملکی چندہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی تنظیم اور این جی او کے لیے ایف سی آر اے رجسٹریشن لازمی ہے۔ جمعہ تک 22,762 ایف سی آر اے- رجسٹرڈ این جی اوز تھے۔ ہفتہ کو یہ گھٹ کر 16,829 ہو گئے کیونکہ 5,933 این جی او نے کام کاج بند کردیا ہے۔ جن تنظیموں کا ایف سی آر اے رجسٹریشن ختم ہو گیا ہے، ان میں میڈیکل کائونسل آف انڈیا (ایم سی آئی)، ایمینوئل ہاسپیٹل ایسوسیئشن جو پورے ہندوستان میں ایک درجن سے زائد اسپتال چلاتا ہے، ٹیوبرکلوسس ایسو سیئشن آف انڈیا، وشو دھرمایتن، مہرشی آیوروید پرتشٹھان، نیشنل فیڈریشن آف فشر مین کو آپریٹو لمیٹڈ شامل ہیں۔ ہمدرد ایجوکیشن سوسائٹی، دہلی اسکول آف سوشل ورک سوسائٹی، انڈین کلچر کونسل، ڈی اے وی کالج ٹرسٹ اینڈ مینجمنٹ سوسائٹی، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر، گودریج میموریل ٹرسٹ، دہلی پبلک اسکول سوسائٹی، جے این یو میں نیوکلیئر سائنس سنٹر، انڈیا ہیبٹیٹ سنٹر، لیڈی شری رام کالج فار وومن، دہلی کالج آف انجینئرنگ اور آل انڈیا مارواڑی یوا منچ بھی ان اداروں یا تنظیموں میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مدر ٹریسا کی مشنریز آف چیرٹی کے لائسنس کی بھی تجدید کاری سے وزارت داخلہ نے انکار کر دیا تھا جو ہندوستان کے مختلف علاقوں میں غربا، بیمار اور ناداروں کے لیے یتیم خانے اور شیلٹر چلاتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS