ہمارے قیدخانے اور سماج

0

ایڈووکیٹ ابوبکر سباق سبحانی

ہمارے سماج کا ایک اہم ترین ادارہ ہمارے قیدخانے ہیں، ایک اچھے سماج کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ وہاں انسانی و سماجی اقدار کا پاس و لحاظ رکھا جائے۔ ہر فرد کے انفرادی زندگی کے ساتھ ساتھ سماجی زندگی کے اصول وضوابط نیز حدود متعین ہوتے ہیں، اگر کوئی ان حدود کی خلاف ورزی کرتا ہے تو سماج کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ پورا سماج ان خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائے، اگر کسی کے ساتھ ظلم وزیادتی ہوئی ہے تو مظلوم کو انصاف ملے اور ظالم کو اس کی سزا ملے، سزا سے زیادہ اہمیت سدھار اور اصلاح کی ہوتی ہے تاکہ سماج پرامن رہے، انصاف کے قیام کے انہیں چند مقاصد کے ساتھ قیدخانوں یا جیلوں کا وجود عمل میں آتا ہے اور پھر یہ قید خانے ہمارے سماج کا ایک اہم ترین جز بن جاتے ہیں۔

حالیہ کورونا وبا کے دوران الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ زندہ رہنے کا حق دستوری ہے، کورونا مہاماری زندگی کو لاحق حقیقی خطرہ ہے، ہائی کورٹ نے اس خطرے سے بچنے کے لیے پیشگی ضمانت دیتے ہوئے کورونا کو بنیاد بنایا لیکن افسوس ہمارا سماج خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، اس سماج کو یہ فکر نہیں کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے قیدی اور ان کے اہل خانہ بھی اسی سماج کا حصہ ہیں۔

قید خانوں میں ایک قیدی دو صورتوں میں ہوتا ہے، پہلی صورت کہ کسی بھی فرد کے اوپر الزام لگا ہے، الزام کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس کی موجودگی کو یقینی بنائے رکھنا اشد ضروری ہو تا ہے کہ وہ انصاف کے عمل کا حصہ بنا رہے، وہ قانون کی گرفت سے بھاگ نہ سکے مزید یہ کہ جرم کی تفتیش کے دوران کسی بھی طرح سے تفتیش میں نظرانداز نہ ہوسکے، نہ تو ثبوت اور نہ ہی شواہد کے ساتھ چھیڑچھاڑ یا اثرانداز ہونے کے امکانات رہیں۔ دوسری شکل ہوتی ہے جرم ثابت ہوگیا ہو اور سزا کے طور پر کوئی متعینہ مدت قید کے طور پر عدالت نے طے کردی ہو۔ بہرحال دونوں ہی صورتوں میں قید و بند کے پیچھے بنیادی مقصد ایک پرامن سماج کا دوبارہ حصہ بنانے کے لیے ایک اصلاحی کوشش ہے تاکہ وہ شخص دوبارہ سماج میں جب واپس آئے تو سماج کے اقدار کا پورا پورا پاس و لحاظ رکھے، نیز سماج کے دیگر افراد کے لیے بھی ایک نصیحت آموز سبق ہو کہ اگر اصول و ضوابط کا پاس و لحاظ نہیں رکھا گیا تو ان کا انجام بھی یہی ہوگا۔
ہمارے ملک کی جیلوں کی موجودہ صورت حال اس کے بنیادی نظریہ فکر کے بالکل برخلاف واقع ہوئی ہے۔ ہماری جیلوں کے باہر جلی حروف میں لکھا ہوتا ہے کہ نفرت جرم سے کرو، مجرم سے نہیں۔ تاہم جیل کے اندر کی صورت حال اس کے برعکس ہوتی ہے، جیل میں قید ہونے کے بعد بھی ایک ملزم یا مجرم دستور ہند کے بنیادی شہری حقوق سے دست بردار نہیں ہوجاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے سنیل بترا بنام دہلی انتظامیہ اور مینکا گاندھی بنام یونین آف انڈیا کے فیصلوں میں صاف الفاظ میں کہا ہے کہ جیل میں جانے کے بعد کوئی بھی شخص محض زندہ لاش نہیں ہوتا ہے بلکہ وہ ایک انسان ہوتا ہے اور انسانی عزت و احترام کے ساتھ آخری سانس تک زندہ رہنا ہر قیدی کا بھی دستوری حق ہے جس حق کو ہمارے دستور کا آرٹیکل21حق برائے زندگی یقینی بناتا ہے، کسی بھی طرح کا غیر اخلاقی یا غیرانسانی سلوک غیردستوری اور غیرقانونی شمار کیا جائے گا۔
آج ہمارے ملک کی جیلوں کی صورت حال تشویشناک ہے۔ گزشتہ سال جنوری2020میں وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ میں پریزن اسٹیٹسٹک انڈیا(پی ایس آئی) کی ایک رپورٹ پیش کی تھی جس کے مطابق ہمارے ملک کی جیلوں میں2018کے دوران کل1845قیدیوں کی دوران حراست موت ہوئی تھی، یہ اعداد و شمار گزشتہ20سالوں میں سب سے زیادہ تھے۔ یہ حقیقت بھی قابل غور ہے کہ اس وقت تک ہمارے ملک میں کورونا وبا نے دستک نہیں دی تھی، اب جب کہ کورونا کی دوسری لہر نے ہمارے ملک کو پوری طرح سے متاثر کردیا ہے جس کا اثر ہمارے ملک کی جیلوں کے اندر بھی پوری طرح پہنچ چکا ہے، قیدیوں کے ساتھ ساتھ جیل کا اسٹاف بھی کورونا کا شکار ہورہا ہے، کورونا سے جیلوں میں بند قیدی بآسانی شکار ہورہے ہیں، لیکن حکومت و عدلیہ کی ابھی تک کوئی اطمینان بخش کوشش نظر نہیں آرہی ہے جس سے یہ محسوس ہوکہ جیلوں میں بند لاکھوں قیدیوں کی زندگی کے سلسلہ میں حکومتیں کوئی سنجیدہ پیش رفت کررہی ہیں۔
اگر عالمی اور ہندوستان کی جیلوں میں بند قیدیوں کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ 2020تک پوری دنیا کی جیلوں میں بند قیدیوں کی تعداد میں20فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ ہمارے ملک کی جیلوں میں71فیصد اضافہ ہوا، وہیں خواتین قیدیوں میں 111.7 فیصد کا اضافہ ہوا جو کہ عالمی اعداد و شمار سے بہت زیادہ تھا۔ آج ہمارے ملک کے قیدخانوں میں قیدیوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ سے زائد ہے جن میں تقریباً70فیصد زیر سماعت قیدی ہیں جن کے مقدمات کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور عدالتوں نے ان کو مجرم قرار نہیں دیا ہے تاہم الزام ہونے کی بنیاد پر وہ جیلوں میں بند ہیں۔ زیرسماعت قیدیوں کی تعداد میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران25.4فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ دستور و کریمنل قوانین کی روشنی میں الزام ثابت ہونے تک کسی بھی ملزم کو بے گناہ تسلیم کیا جائے گا اور اس بے گناہ ملزم کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک نہیں کیا جائے گا۔ لیکن افسوس عملی طور پر ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے ملک میں مقدمات کی سنوائی اتنی طویل مدتی واقع ہوتی ہے کہ پروسیجر بذات خود سخت ترین سزا بن کر رہ گیا ہے۔ مقدمات کی سنوائی اور فیصلے میں تاخیر کے اعداد و شمار چونکانے والے ہیں، 2020کے دوران تین سال سے زائد عرصے کے زیرسماعت قیدیوں کے اعداد و شمار میں140فیصد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ایک سال سے کم میں مقدمات کی سماعت کے اعداد و شمار میں 7.54 فیصد کی کمی آئی ہے، یعنی مقدمات کی سماعت میں عدالتوں نے مزید تساہلی و سستی برتنی شروع کردی ہے جب کہ پولیس نے گرفتاری کی رفتار تیز کردی ہے۔
نتائج ہمارے سامنے ہیں، یہ اعداد و شمار کورونا وبا کے بعد کیا ہوں گے اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے، گزشتہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے بعد بھی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔ جیلوں میں قیدیوں کی بڑھتی تعداد وہاں کی صورت حال کو مزید تشویشناک بناچکی ہے، حقوق انسانی کے تحفظ کے امکانات پوری طرح ختم ہوچکے ہیں، کوششیں ناممکن ہیں، اقوام متحدہ نے جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک و برتاؤ کو لے کر اصول بنائے تھے جن کو دنیا نیلسن منڈیلا رولس2015کے نام سے جانتی ہے، ان اصولوں کے مطابق حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جیل کی زندگی اور جیل سے باہر کی زندگی کے درمیان کے فرق کو کم سے کم تر بنائیں، یعنی ایک قیدی کی زندگی بھی معیاری طور پر ایک آزاد شخص کے معیار زندگی جیسی ہو جہاں نہ تو زندگی کو خطرات لاحق ہوں اور نہ ہی ایسے حالات جہاں انسانی اقدار کے ساتھ زندگی گزارنا محال ہوجائے۔
دستور نے ہمارے ملک کے شہریوں کے حقوق محفوظ کرنے کی غرض سے ان تمام ہی بنیادی حقوق کو تحریری شکل میں پیش کردیا جو کہ ایک جمہوری ملک میں شہریوں کو ضروری محسوس ہوسکتے تھے۔ ان دستوری حقوق کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹوں نے مزید تقویت بخشنے کی غرض سے اپنے مقدمات میں مزید مفصل انداز میں واضح بھی کردیا، حالیہ کورونا وبا کے دوران الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ زندہ رہنے کا حق دستوری ہے، کورونا مہاماری زندگی کو لاحق حقیقی خطرہ ہے، ہائی کورٹ نے اس خطرے سے بچنے کے لیے پیشگی ضمانت دیتے ہوئے کورونا کو بنیاد بنایا لیکن افسوس ہمارا سماج خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، اس سماج کو یہ فکر نہیں کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے قیدی اور ان کے اہل خانہ بھی اسی سماج کا حصہ ہیں اور سماج کی اگر اتنی بڑی تعداد اس وبا میں ہمارے سست و ناکام سسٹم کی وجہ سے پریشان ہے تو ہم خاموش تماش بین کیسے ہو سکتے ہیں اگر ہماری سانسیں ابھی تک چل رہی ہیں اور ہم ایک مثالی پرامن سماج کا خواب دیکھتے ہیں، یقینا ان قیدیوں میں بہت سے بے گناہ قیدی بھی ہوںگے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جیلوں کی خستہ حالی اور عدلیہ کی سست روی کے لیے سماجی مہم شروع کریں، خود بھی بیدار ہوں اور سماج کو بھی بیدار کریں، ہمارا قانون کہتا ہے کہ ایک بے گناہ کو سزا نہ ہوچاہے سو گنہگار چھوٹ جائیں۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS