مختلف کورسیز کیلئے آن لائن رجسٹریشن ڈی یو میں 2 اگست سے شروع

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کے تعلیمی سیشن 2021-22 کے انڈرگریجویٹ (یوجی) کورسیز میں داخلے کے لیے آن لائن رجسٹریشن پیر کو دوپہر بعد سے شروع ہوجائے گا۔ درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔ طلبا موبائل، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر سے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے طلبا کو آن لائن رجسٹریشن فیس ڈیبٹ کار، کریڈٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ کے توسط سے ادا کرنا ہوگا اور طلبا میرٹ اور انٹرنس پر مبنی یوجی کورسیز کے لیے درخواست دے سکیںگے۔
کورونا وبا کے سبب اس بار بھی داخلے پوری طرح آن لائن ہوںگے۔ طلبا کو سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے اس بار بھی کالج نہیں جانا ہوگا۔ طلبا کا داخلے کی کٹ آف لسٹ میں آنے کے بعد گھر بیٹھے داخلہ ہوگا۔ ان کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کالج کھلنے کے بعد ہوگی لیکن داخلہ پہلے ہوجائے گا۔ طلبا کو پیر کو دوپہر بعد کسی بھی وقت یوجی ایڈمیشن پورٹل کے شروع ہونے پر لاگ اِن کرنا ہوگا۔ آئی ڈی اور پاس ورڈ بنانا ہوگا۔ طلبا کو رجسٹریشن کے لیے آن لائن ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ سے درخواست فیس جمع کرنا ہوگی۔ ڈی یو میں میرٹ والے یوجی کورسیز میں جنرل اوبی سی رجسٹریشن فیس 250روپے دینا ہوگی۔ ایس سی؍ایس ٹی اور پی ڈبلیو ڈی کے لیے رجسٹریشن فیس 100 روپے ہے جبکہ اسپورٹس اور ای سی اے کے لیے رجسٹریشن کی فیس بھی100 روپے ادا کرنے ہوںگے۔ اسی طرح انٹرنس والے کورسیز میں جنرل اوبی سی رجسٹریشن فیس 750روپے رکھی گئی ہے، وہیں انٹرنس والے کورسیز میں ایس سی؍ایس ٹی اور پی ڈبلیو ڈی کے لیے رجسٹریشن کی فیس 300 روپے رکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ درخواست فارم طلبا کو اپنی دسویں اور بارہویں کے سرٹیفکیٹ، فوٹو، دستخط وغیرہ بھی اپ لوڈ کرنے ہوںگے۔ ستمبر میں کٹ آف لسٹ جاری کی جائے گی۔ کٹ آف لسٹ میںمارکس آنے کے بعد طلبا گھر بیٹھے آن لائن فیس جمع کرکے داخلہ لے سکیںگے۔ ڈی یو میں تعلیمی سیشن 2021-22 کے لیے کلاسیز یکم اکتوبر سے شروع ہوںگی۔ قابل ذکر ہے کہ اس بار ڈی یو سے الحاق شدہ 91کالجوں کے 300 یوجی کورسیز میں داخلے ہوںگے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS