قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ ساتھ جیل بھی ہوسکتی ہے:دہلی سرکار

0
Youtube

نئی دہلی (ایس این بی) جشن آزادی اب قریب ہے،اس دن دہلی والوں کے پتنگ بازی کے شوق کے پیش نظردہلی حکومت نے لوگوں کو چینی مانجھے کے استعمال کے خلاف خبردار کیا ہے۔ دہلی حکومت نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چینی ماجھا یا تیز دھار والا مصنوعی دھاگہ استعمال نہ کریں۔ اس مانجھے کے استعمال پر دہلی حکومت کے محکمہ ماحولیات نے 2017 سے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ دہلی حکومت کے محکمہ ماحولیات نے کہا کہ اس مانجھے کو استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ ساتھ جیل بھی ہوسکتی ہے۔
دہلی حکومت نے جنوری 2017 میں چینی مانجھے اور دیگر نقصاندہ دھاگوں پر پابندی کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ چینی مانجھے پر پابندی کی خلاف ورزی پر 5 سال تک قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ دہلی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے لوگوں کے لیے چینی مانجھے پر پابندی کی خلاف ورزی کی شکایت کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں۔ جس میں دہلی پولیس کے لیے 100 نمبر ، ڈویژنل کمشنر کے لیے 1077 ، میونسپل کارپوریشن نارتھ کے لیے 155304 ، میونسپل کارپوریشن جنوب کے لیے 155305 اور میونسپل کارپوریشن ایسٹ کے لیے 155303 پر شکایات دی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی حکومت کے چیف وائلڈ لائف وارڈن ہیلپ لائن نمبر 1800118600 پر شکایت دے سکتے ہیں۔
دہلی حکومت کی جانب سے پہلے ہی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں نائیلون ، پلاسٹک یا کسی دوسرے مصنوعی مواد سے بنے پتنگ اڑانے کے دھاگوں کی فروخت ، پیداوار ، ذخیرہ ، سپلائی اور استعمال پر پوری طرح سے پابندی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پتنگ اڑانے کے لیے کسی دوسرے تیز دھاگے کا بھی استعمال نہیں کیاجاسکتا ہے جس پر شیشہ یا دھات چڑھا گیا ہو۔ حکومت نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے شوقین صرف سوت کے دھاگے کا استعمال کر سکتے ہیں جسے دھات ، شیشے ، گم جیسے مواد چڑھا کرا سے سخت نہ کیا گیا ہو۔واضح رہے کہ کچھ سال پہلے چینی مانجھے سے کئی افسوسناک واقعات ہوئے تھے جس میں کچھ کی جان بھی چلی گئی تھی۔جس کے بعد حکومت نے پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS