جموں:(یو این آئی) جموں وکشمیرکے کشتواڑ ضلع کے اٹھولی پڈر کے مقام پر درمیانی شب کو ایک نجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 52سالہ شہری کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ کے اٹھولی میں لائی ناکہ کے نزدیک ہفتے او ر اتوار کی درمیانی شب ایک سفاری گاڑی زیر نمبر JK14D-1151 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری ۔
معلوم ہوا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے 52سالہ پرکشت کمار ولد بال کرشن ساکن گالی اُدھم پور کو مردہ قرار دیا۔
زخمیوں کی پہچان پنکج کمار ولد کرشن لال اور راکیش باتلا ولد منشی رام ساکنان اُدھم پور کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش وارثین کے سپرد کی گئی ۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
یو این آئی، ارشید بٹ
NNNN