گجرات میں مسلمانوں کو کھمبے سے باندھ کر پیٹنا انسانیت و قانون کی خلاف ورزی : ڈاکٹر ایوب سرجن

0

پرتاپ گڑھ : (یواین آئی ) پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار گجرات میں کھیڑا ضلع کے ادھیلا گاوں میں مبینہ طور پر گربا تقریب میں پتھر پھینکنے کے الزام میں سویلین لباس میں پولیس کے ذریعہ کھمبے سے باندھ کر مسلمانوں کو پیٹنا انسانیت و قانون کی خلاف ورزی ہے ،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔بی جے پی اقتدار میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ،جہاں قدم قدم پر انسانی حقوق کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ،کبھی اجتماعی تشدد کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل ،اور کبھی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا کام کیا جا رہا ہے ،وہیں اب پولیس بھی فرقہ وارانہ تفریق کے سبب مسلمانوں کو کھمبے سے باندھ کرپیٹنا قانون و آئین کا مذاق اڑا رہی ہے ۔انہوں نے گجرات میں مسلمانوں کو کھمبے سے باندھ کر پیٹنے کے معاملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ گجرات کی فسطائی تاریخ نئی نہیں ہے ،جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے ،یہاں فسطائی طاقتوں کا راج ہے ،اور پولیس انتظامیہ انہیں کے اشارے پر کام کر رہی ہے ۔گجرات کے کھیڑا ضلع کے ادھیلا گاوں میں منگل کو پیش آنے والے وقوعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے ، جس میں مسلم مردوں کو کھمبے سے باندھ کر سویلین لباس میں پولیس کے ذریعہ پیٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے ،ان پر گربا تقریب میں پتھر پھیکنے کا الزام ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اقتدار میں فسطائی طاقتوں کے اشارے پر پولیس انتظامیہ کام کر رہی ہے ،اور آئین و قانون کو بالائے طاق پر رکھ کر منمانی کی جا رہی ہے ۔گجرات میں مسلمانوں پر مسلسل ظلم کیا جارہا ہے ،اور حکومت انصاف کرنے کے برعکس ناانصافی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔پیس پارٹی گربا تقریب پر پتھراو کی مذمت کرتی ہے ،مگر قانون کو ہاتھ میں لے کر عدالت کے بغیر خود سزا دینا انتہائی قابل مذمت ہے ۔اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو قانون کو سزا دینے کا حق ہے ،نہ کہ خود پولیس انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر کھمبے سے باندھ کر لاٹھیوں سے پیٹے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت میں ذرا سی بھی غیرت باقی ہے تو کھمبے سے باندھ کر پیٹنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو برخاست کرے-

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS