بڑھتی بے روزگاری کیلئے نوٹ بندی ذمہ دار

0
wikipedia

غیرمنظم سیکٹر خستہ حال،سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا مودی سرکار پر حملہ،مرکز پر ریاستوں کو نظرانداز کرنے کا الزام
ترووننت پورم (ایجنسیاں): سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مرکز کی مودی حکومت کو بڑھتی بے روزگاری اور معیشت کی بدحالی کیلئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے شدید ترین حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ 2016 میں بغیر سوچے سمجھے لیے گئے نوٹ بندی کے فیصلے نے ملک میں بے روزگاری کا عالم پیدا کر دیا اور غیر منظم سیکٹر کو خستہ حالی کی طرف دھکیل دیا۔ سابق وزیر اعظم نے کسی بھی معاملے میں ریاستوں سے مستقل طور پر مشورہ نہیں کرنے کو لے کر بھی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔دراصل ڈاکٹر منموہن سنگھ نے معاشی امور کے ’تھنک ٹینک‘ راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے ذریعہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منعقد ایک ڈیولپمنٹ سمٹ کا افتتاح کیا اور اسی موقع پر انھوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی تنقید کی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بڑھتے مالی بحران کو چھپانے کے لیے حکومت ہند اور بھارتیہ ریزرو بینک (آر بی آئی) کے ذریعہ اٹھائے گئے غیر مستقل اقدام کی وجہ سے پیدا قرض بحران سے چھوٹے اور درمیانے سیکٹر متاثر ہو سکتے ہیں، اور اس حالت کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے۔ ساتھ ہی انھوں نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ بے روزگاری عروج پر ہے، اور غیر منظم سیکٹر خستہ حال ہے۔ یہ بحران 2016 میں بغیر سوچے سمجھے لیے گئے نوٹ بندی کے فیصلے کے سبب پیدا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم نے ریاستی اسمبلی الیکشن کیلئے منشور میں ’نیائے‘ جیسے نظریے کو شامل کرنے پرکیرالہ کی کانگریس -یوڈی ایف اتحاد کے فیصلے کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے انتخابی منشور میںیہ اسکیم پیش کی گئی تھی، جس کا مقصد غریبوں کو براہِ راست ان کے اکاؤنٹ میں رقم دستیاب کراناہے۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ تر طبی اداروں کے ذریعہ مفت طبی خدمات جیسی سہولتیں سماجی سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں گی۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ غریبوں کی مدد کرنے کیلئے اس طرح کی اسکیمیں معیشت کو بھی ایک جھٹکے میں مضبوطی فراہم کریں گی، کیونکہ ان سے مانگ میں اضافہ ہوگا، جس سے زیادہ پروڈکشن ہوگا۔ خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے صنعتی سیکٹر میں زرعی شعبے میں اور غیر منظم سیکٹر میں اس کی وجہ سے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے اور قومی سطح پر طویل اقتصادی سستی کے بعد معیشت تیزی سے پٹری پر لوٹنے لگے گی۔انہوں نے کہاکہ مایوسی کے درمیان میں منصوبہ بند ترقی کے تئیں یوڈی ایف کے بڑھتے قدم میںعام آدمی کیلئے امید کی کرن کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS