کورونا کے خلاف جدوجہدمیں جتنا کام ہندوستان نے کیا اتنا کسی نے نہیں کیا:جسٹس شاہ

0
Image:tribuneindia

نئی دہلی (یو این آئی) : سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکز سے کورونا سے ہلاک والوں کے لواحقین کو 50000روپے معاوضے کی رقم دینے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان نے کورونا کے معاملے میں جو کر دکھایا ہے، وہ دیگر ممالک نہیں کر سکے ۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بنچ نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو کچھ راحت ملے گی۔جسٹس شاہ نے اپنے زبانی ریمارکس میں کہا کہ ہم آج بہت خوش ہیں۔ مرکزی حکومت کورونا متاثرین کے آنسو پونچھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔جسٹس شاہ نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کاضرور نوٹس لینا چاہیے کہ ہندوستان نے جتنا کیا ہے ،اتنا دوسرے ملک نہیں کر سکے ہیں۔
غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت نے کل عدالت کو مطلع کیا تھا کہ کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کے لواحقین کو 50 ہزار روپے کے معاوضے کی رقم ملے گی۔حکومت نے عدالت عظمیٰ میں دائر اپنے حلف نامے میں کہا تھا کہ یہ معاوضے کی رقم ریاستی حکومتوں کی جانب سے اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کی جائے گی اور براہ راست متعلقہ خاندان کے رکن کے آدھار سے منسلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔حلف نامے میں یہ بھی کہا گیا تھاکہ اتنا ہی نہیں مستقبل میں کووڈ سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کیلئے بھی یہ انتظام اگلے حکم تک جاری رہے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے سپریم کورٹ کے 30جون 2021کے فیصلے کی روشنی میں ہدایات تیار کی ہیں اور اسے وزارت داخلہ نے عدالت کے سامنے رکھا ہے۔حلف نامے میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضے کی رقم دینے کا فیصلہ کرے گی ، تاہم معاوضے کی رقم کی ادائیگی اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے کی جائے گی۔معاوضے کی رقم کا دعویٰ کرنے کیلئے ، ریاستی حکومتیں ایک فارم جاری کریں گی اور اسے متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ کو جمع کرانا ہوگا۔ فارم اور دستاویزات جمع کرانے کے بعد 30دن کے اندر اندر معاوضے کی رقم ادا کرنا ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS