کجریوال کے تعلیمی ماڈل کو سمجھنے کیلئے نیپالی وفد دہلی پہنچا

0

پڑوسی ممالک دہلی کے اسکولوں سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں: سسودیا
نئی دہلی (ایس این بی) :نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کجریوال سرکار کا تعلیمی ماڈل پوری دنیا میں مقبول ہو رہا ہے۔ نیپال کے اساتذہ کے 30 رکنی وفد نے جمعرات کو نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ منیش سسودیا نے اساتذہ کا خیر مقدم کیا۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ممالک بھی دہلی کے سرکاری اسکولوں سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ وفد نے دہلی سرکارکے دو اسکولوں کا معائنہ کیا اور طلبا ء سے بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر منیش سسودیا نے کہا کہ نیپال کے وفد نے کجریوال کے سرکاری اسکولوں کے بچوں کے لیے مائنڈ سیٹ کریکولم کے تصور کو سمجھنے کے لیے ہیپی نیس کریکولم، انٹرپرینیورشپ مائنڈ سیٹ کریکولم اور حب الوطنی کے نصاب کی کلاسوں میں شرکت کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کی کوششوں سے ہی تعلیمی ماڈل اتنا شاندار ہوا ہے۔ منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے ان کی سرکار پر بھروسہ کیا ہے۔ دہلی کی تعلیم میں تبدیلی کی بنیادی وجہ یہی ہے۔ بحیثیت سرکار ہمارا مقصد ایک تعلیم یافتہ قوم کا قیام ہے جو غربت، بے روزگاری اور عدم مساوات کے مسائل سے اچھی طرح نمٹ سکے۔ ان تمام مسائل کا حل صرف تعلیم ہے۔ ہمارا مقصد سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر اور نئے نصاب کو متعارف کروا کر طلباء کو نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تاکہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن سکے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے بچے اب چیلنجز کا سامنا کرنا سیکھ رہے ہیں اور ان کا حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی صحیح راہنمائی کریں۔ دہلی کے تعلیمی ماڈل میں یہ تبدیلیاں ہماری پالیسیوں پر طلباء اور اساتذہ سے رائے لینے اور انہیں بہتری کی پالیسیوں میں شامل کرنے کے ہمارے باقاعدہ مشق کی وجہ سے ممکن ہوئی ہیں۔ اس دوران نیپالی وفد کے ایک رکن شیام لال کھرل نے دورے کے مقصد کو بتاتے ہوئے کہا، ’ہم سرکاری اسکولوں میں تبدیلی لانے کے لیے کئی اقدامات شروع کر رہے ہیں۔ اس میں ہم نے اچھے سکولوں کے ماڈل کو ترجیح دی ہے۔ دہلی کے تعلیمی ماڈل اور بچوں کی ہمہ جہت ترقی سے سیکھنا ہماری بے تابی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS